نئے بیل آوٹ کے سلسلے میں قرض خواہوں کی سخت شرائط تسلیم کرنے یا نہ کرنے کے معاملے پر اتوار کو یونان میں ہونے والے ریفرنڈم کے حوالے سے کئے گئے ایک سروے سے پتا چلتا ہے کہ، ملک ’ہاں‘ یا ’نہ‘ میں تقسیم ہوکر رہ گیا ہے۔
’الکو کمپنی‘ نے اس سلسلے میں ایتھو نیوزپیپر کے لئےکئے 30 جون اور یکم جولائی کو ایک سروے کیا جس میں 1000 لوگوں سے سوالات کئے گئے۔ 44.8 فیصد لوگوں نے کہا ہے کہ وہ بیل آوٹ کی شرائط کو تسلیم کرنے کے حق میں ’ ’ہاں‘ کو ووٹ دیں گے، جبکہ 43.4 فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ ’’نہیں‘‘ کو ووٹ دیں گے جبکہ 11.8 فیصد لوگوں نے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا تھا۔
یونانی وزیر اعظم الکسز سپراس ’نہیں‘ کے حق میں مہم چلا رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نا ہونے سے یورپی قرض خواہوں سے آئندہ مذاکرات کے لئے یونان کی سودے بازی کی قوت بڑھ جائے گی۔
بلوم برگ کو دئے گئے ایک انٹرویو میں، وزیر خزانہ یانیس وارو فاکس نے کہا ہے کہ اگر ووٹرز نے یورپی بیل آوٹ تجاویز تسلیم کرلیں، تو موجودہ حکومت ختم ہوجائے گی اور وہ سوموار کے بعد وزیر خزانہ نہیں رہیں گے۔
جبکہ یورپی قیادت نے خبردار کیا ہے کہ اگر ریفرنڈم میں ’’نہیں ‘‘ کو ووٹ ملا تو یونان 19 رکنی یورپی زون سے الگ ہونے والا پہلا ملک ہوگا ۔
لگزمبرگ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے، یورپی یونین کے صدر جین کلاوڈجنکر نے کہا ہے کہ اتوار کے ریفرنڈم میں ’نہیں‘ کو ووٹ ملنے کا مطلب ہے یونان کی پوزیشن میں ڈرامائی کمزوری آنا۔
ان کے بقول ’پروگرام اختتام کو پہنچ چکا ہے، مذاکرات نہیں ہو رہے‘۔
اگر یونان نے ’نہیں‘ کو ووٹ دیا تو انھوں نے سب کچھ کیا۔ لیکن، نہ کو ووٹ دے کر یونان کی مذاکراتی پوزیشن ڈرامائی طور پر کمزور کردی۔
لگزمبرگ نے حال ہی میں آئندہ چھ ماہ کے لئے یورپی یونین کی صدارت سنبھالی ہے۔
’ہاں‘ کی حمایت کا مطلب ہے مزید قرضوں کے لئے قرض خواہوں کی شرائط کو تسلیم کرنا۔ ریفرنڈم فیصلہ کرے گا یونان یورو زون میں رہنا چاہتا ہے کہ نہیں۔
دریں اثنا، توقع ہے کہ یونان کی اعلیٰ انتظامی عدالت کونسل آف اسٹیٹ جمعہ کو دو شہریوں کی جانب سے ریفرنڈم کے خلاف جمع کرائی گئی درخواست پر اس کے قانونی ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ دے گی۔ ایک دوسرے گروپ نے ریفرنڈم کی حمایت میں بھی درخواست جمع کرائی ہوئی ہے۔