پاکستان اور افغانستان کے لیے خصوصی امریکی ایلچی رچرڈ ہالبروک کی طبیعت جمعہ کو اچانک ناساز ہوگئی جس کے بعد انھیں واشنگٹن کے ایک ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔
امریکی محکمہء خارجہ کے ترجمان پی جے کراؤلی نے صحافیوں کو بتایا کہ خصوصی سفیرہسپتال میں زیر علاج ہیں اورانھیں اس سے زیادہ معلومات کا علم نہیں۔ ’’جونہی اُن کی صحت کے بارے میں ہمیں مزید معلومات ملیں گی آپ کو ا ن سے آگاہ کردیا جائے گا۔‘‘
ترجمان نے کہا کہ صُبح اپنے دفترمیں کام کے دوران انھیں” طبیعت خراب ہونے کا احساس ہوا“ ، جس کے بعد طبی معائنے کے لیے اُنھیں ہسپتال لے جایا گیا۔
ہالبروک کی عمر69 سال ہے اور اُن کا دفتر محکمہ خارجہ کی عمارت میں ساتویں منزل پرواقع ہے جہاں امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کا دفتر بھی ہے۔
خصوصی امریکی ایلچی نے پچھلے ماہ اسلام آباد کا دورہ کیا تھا جہاں انھوں نے پاکستان کو امداد دینے والے ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے ایک خصوصی اجلاس میں امریکہ کی نمائندگی کی تھی۔ اس موقع پر ہالبروک نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے بعض نئے امریکی منصوبوں کا اعلان بھی کیا تھا۔