امریکی قصبے کے میئر بکری اور کتا، دونوں فلاحی کاموں کے لیے سرگرم

میئر بکری

امریکی ریاست ورمانٹ کے علاقے فئیر ہیون میں مئیر منتخب ہونے والی بکری اور کتا ان دنوں علاقے میں کھیلوں کے میدان کے لیے رقم جمع کرنے میں سرگرم ہیں۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق علاقے کے ٹاؤن مینیجر نے کھیلوں کے میدان کے لیے پالتو جانوروں کو مئیر بنانے کی تجویز دی تھی۔

مقامی اخبار رتھ لینڈ ہیرالڈ سے بات کرتے ہوئے ٹاؤن منیجر جو گنٹر نے بتایا کہ علاقہ مکینوں نے 2018 میں لنکن بکری کو اعزازی مئیر منتخب کیا تھا جس کی وجہ سے دس ہزار ڈالر جمع ہوئے تھے۔ آج کل یہ کام مرفی نام کا کتا کر رہا ہے، جسے قصبے کا اعزازی میئر منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے اب تک 20 ہزار ڈالر جمع ہو چکے ہیں۔

ان کے مطابق علاقہ مکینوں نے بھی مزید 20 ہزار ڈالر اس مہم میں جمع کیے ہیں۔

مرفی کی مالکہ لنڈا بارکر کا کہنا ہے کہ جب انہیں اس کام کے لیے مرفی کی خدمات کا کہا گیا تو انہوں نے سوچا ٹی شرٹس بیچ کر رقم اکٹھی کی جا سکتی ہے۔ لیکن پھر عالمی وبا کی وجہ سے انہوں نے یہ کام ماسک بیچ کر کیا۔ انہوں نے اس کام کے لیے اب تک ایک ہزار ماسک بنائے ہیں۔

قصبے کو اس مقصد کے لیے وفاقی ادارے فیڈرل لینڈ اینڈ واٹر کنزرویشن فنڈ کی جانب سے بھی 50 ہزار ڈالر کی گرانٹ ملی ہے۔

لنڈا کا کہنا ہے کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ اعزازی مئیر مرفی اس پلے گراؤنڈ میں نہیں جا سکے گا کیوں کہ اس کی شرائط میں پارک میں کتوں کو لانا منع ہے۔