بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو جبری رخصت پر بھیج دیا گیا

فائل

بھارتی پائلٹ کا تفصیلی طبی اور دماغی معائنہ کیا گیا، اُنہیں نفسیاتی کونسلنگ فراہم کی گئی اور ملک کے سیکورٹی اداروں کی طرف سے اُنہیں ڈی بریفنگ کے عمل سے گزارا گیا۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں گرفتار ہونے والے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھامن کو چند ہفتون کی جبری میڈیکل رخصت پر بھیج دیا گیا۔

ابھی نندن کو پاکستانی حکومت نے خیر سگالی اور امن کے جذبے کے تحت یکم مارچ کو واپس بھارت کے حوالے کر دیا تھا۔

بھارت واپس پہنچنے کے بعد بھارتی پائلٹ کا تفصیلی طبی اور دماغی معائنہ کیا گیا، اُنہیں نفسیاتی کونسلنگ فراہم کی گئی اور ملک کے سیکورٹی اداروں کی طرف سے اُنہیں ڈی بریفنگ کے عمل سے گزارا گیا۔

بھارتی فضائیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اُن کی ڈی بریفنگ جمعرات کے روز مکمل ہو چکی ہے اور فوجی ڈاکٹروں کا ایک بورڈ مستقبل قریب میں اُن کی میڈیکل فٹنس کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گا آیا وہ بھارتی فضائیہ کے فائٹر پائلٹ کی حیثیت سے دوبارہ جہاز اُڑانے کے قابل ہیں یا نہیں۔

بھارت واپس پہنچنے کے بعد ابھی نندن نے فائٹر پائلٹ کی حیثیت سے اپنا کام دوبارہ شروع کرنے کی شدید خواہش کا اظہار کیا تھا اور بھارتی فضائیہ کے سربراہ چیف ایئر مارشل بی ایس دھانووا نے بھی 4 نومبر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ جب ابھی نندن کو جسمانی طور پر فٹ قرار دے دیا جائے گا تو وہ دوبارہ لڑاکا طیارہ اُڑا سکیں گے۔

تاہم، بھارت کے آرمی ریسرچ اینڈ ریفرل ہسپتال کے ڈاکٹروں کی سفارش پر اُنہیں کئی ہفتوں کی جبری رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔

بھارتی پائلٹ روسی ساخت کا مگ۔21 طیارہ چلا رہے تھے جب پاکستانی فضائیہ کے طیاروں نے اُن کا جہاز مار گرایا۔ ابھی نندن پیراشوٹ کے ذریعے جہاز سے کود گئے اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اترنے کے بعد اُنہیں حراست میں لے لیا گیا تھا۔

ونگ کمانڈر ابھی نندن بھارتی فضائیہ کے ریٹائرڈ ایئر مارشل سمہاکٹی ورتھامن کے بیٹے ہیں۔