انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کو اولمپکس مقابلوں میں شامل کرنے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ 2028 کے اولمپکس میں کرکٹ بھی کھیلوں کے اس مقابلے کا حصہ ہو گا۔
آئی سی سی نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں 2028 میں منعقد ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں کرکٹ کو شامل کرنا اس کا ہدف ہے۔
آئی سی سی کے مطابق اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کرنے کے لیے ایک کمیٹی بنا دی ہے جس کی سربراہی انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین این واٹمور کریں گے۔
اس کمیٹی میں آئی سی سی کے ڈائریکٹر اندرا نوئے، زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین توینگوا مکھلانی، ایشین کرکٹ کونسل کے نائب صدر مہندا ولیپورم اور امریکہ کی کرکٹ کے چیئرمین پراگ مراتھی شامل ہیں۔
اولمپکس کرکٹ کمیٹی لاس اینلجس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کو شامل کرنے کے حوالے سے اولمپکس کمیٹی سے مذاکرات کرے گی۔
اگر آئی سی سی کرکٹ کو لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں شامل کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو 128 سال بعد کرکٹ کے مقابلے بھی اولمپکس کی رونق بنیں گے۔
آخری بار 1900 کے اولمپکس مقابلوں میں میزبان فرانس اور برطانیہ کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ کھیلا گیا تھا۔
آئی سی سی کے چیئرمین کریک بارکلے نے کہا ہے کہ اولمپکس مقابلوں میں کرکٹ کی شمولیت نہ صرف کرکٹ کے لیے مفید ہو گا بلکہ یہ اولمپکس کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو گا۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم کرکٹ کو اولمپکس مقابلوں کا حصہ بنتے دیکھ رہے ہیں کیوں کہ دنیا بھر میں کرکٹ کے ایک ارب سے زائد مداح ہیں جن میں سے 90 فی صد شائقین کرکٹ کو اولمپکس کا حصہ دیکھنا چاہتے ہیں۔
بارکلے نے اس امید کا اظہار کیا کہ اولمپکس مقابلوں میں کرکٹ کی شمولیت ایک اچھا اضافہ ہو گا لیکن یہ اتنا آسان نہیں ہو گا کیوں کہ دیگر کئی کھیل بھی ان مقابلوں کا حصہ بننے کے خواہش مند ہیں۔
ان کے بقول "ہم محسوس کرتے ہیں کہ کرکٹ اور اولمپکس کی شراکت داری کا یہ بہترین موقع ہے اور ہماری کوششیں اس طرف گامزن ہیں۔"