انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک ماہ تک جاری رہنے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے اختتام پر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس کا کپتان بابر اعظم کو بنایا گیا ہے۔
ٹیم میں کارکردگی کی بنیاد پر آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پاکستان، انگلینڈ، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر، جوش ہیزل ووڈ، ایڈم زمپا، انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر جوس بٹلر، معین علی، نیوزی لینڈ کے فاسٹ بالر ٹرینٹ بولٹ اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے سری لنکا کے ونیندو ہاسارنگا اور بیٹر چریتھ اسلنکا، جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم، آنرک نورکیا ٹیم میں شامل ہیں۔
پاکستان پیسر شاہین شاہ آفریدی کو بارہواں کھلاڑی رکھا گیا ہے۔
ڈیوڈ وارنر کو ٹورنامنٹ میں 48.16 کی اوسط سے 289 رنز بنانے پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ وارنر نے ویسٹ انڈیز، پاکستان اور پھر فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کے ذریعے اپنی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
بابر اعظم کو ٹورنامنٹ میں چار نصف سینچریوں کی مدد اور 60.60 کی اوسط سے 303 رنز بنانے پر نہ صرف ٹیم میں شامل کیا گیا ہے بلکہ اُنہیں کپتان بھی بنایا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کی سب سے بہترین ٹیم کا انتخاب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے مقرر کردہ پینل نے کیا ہے جس میں کمنٹیٹر این بشپ، سابق آسٹریلوی بیٹسمین شین واٹسن، خاتون براڈ کاسٹر نتالی جرمونز، جریدے وزڈن، ڈیلی میل اور دی میل آن سنڈے کے لارنس بوتھ اور خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' اور اے آر وائی چینل سے وابستہ شاہد ہاشمی شامل ہیں۔
پینل کے مطابق ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم کا انتخاب سپر 12 مرحلے سے فائنل تک کے میچز کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اس میں یہ بھی خیال رکھا گیا ہے کہ جن کھلاڑیوں کو اس ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، اُن کی کارکردگی میچز کے نتائج پر کتنی اثر انداز ہوئی۔
خیال رہے کہ 14 نومبر کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا اختتام آسٹریلیا کی فتح سے ہوا تھا۔ آسٹریلیا نے فائنل میں نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔