بی بی سی پروگرام میں ندیم عالم، ندیم عباسی بن گئے؟

’اگر مجھے کہیں ندیم عالم مل جائے تو میں اسکے منہ پر مکا رسید کروں گا، جو میرے نام سے پروگرام میں شرکت کرکے ملک کی ساکھ خراب کر رہا ہے‘: یہ بات سابق پاکستانی کرکٹر، ندیم عباسی نے بھارتی اخبار، ’دی سن‘ کو ایک انٹرویو میں کہی ہے

حال ہی میں برطانیہ کے نشریاتی ادارے کی جانب سے پیش کردہ کرکٹ ورلڈ کپ کے تبصرے کے پروگرام میں، مبینہ طور پر ندیم عالم نامی ایک شخص نے پاکستانی کرکٹر ندیم عباسی بن کر شرکت کی۔

بی بی سی ورلڈ نیوز، بی بی سی ایشیا نیٹ ورک اور ریڈیو پروگرام کے کرکٹ پر ہونے والے پروگراموں میں ندیم عالم نے ندیم عباسی کرکٹر بن کر برطانوی نشریاتی ادارے کو کئی تبصرے بھی پیش کیے۔

پروگرام میں ندیم عالم کے ساتھ سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑہ بھی شریک ہوتے رہے ہیں۔

ندیم عالم کی اس مبینہ دھوکہ دہی کے بارے میں سابق پاکستانی کرکٹر کا بھارتی اخبار 'دی سن' کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ اگر مجھے کہیں ندیم عالم مل جائے تو میں اسکے منہ پر مکا رسید کروں گا، جو میرے نام سے پروگرام میں شرکت کرکے ملک کی ساکھ خراب کر رہا ہے۔

اس دھوکہ دہی پر ان کا کہنا تھا کہ برطانوی ادارے کو اپنے اس پروگرام کے بارے میں مزید تحقیقات کرانی چاہئیں۔

بھارت کی مشہور میڈیا چینل، ’این ڈی ٹی وی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، بات صرف ٹی وی پروگرام پر محدود نہیں، بلکہ ایک مشہور ویب سائٹ وکی پیڈیا پر بھی موجود سابق کرکٹر ندیم عباسی کی بائیوگرافی ایک غلط معلومات پیش کر رہی ہے، جسمیں ان کے پیشے کو ایک صحافی لکھا جا رہا ہے۔ مزید یہ کہ وہ برطانوی ادارے کے پروگرام میں تبصرے پیش کررہے ہیں، جو بات غلط ہے۔