عمران فاروق کی میت ورثاء کے حوالے، تدفین ہفتے کو ہوگی

متحدہ قومی موومنٹ کے سابق کنوینر اور مرکزی رہنما ڈاکٹرعمران فاروق کی میت لندن میں ان کے والدین کے حوالے کردی گئی ہے۔ ان کی میت ہفتے کو کراچی پہنچے گی ۔ انہیں اسی روز کراچی میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ ان کا جسد خاکی پانچ نومبربروز جمعہ برطانیہ سے قومی ائیرلائن کے ذریعے روانہ ہوگا جو ہفتے کو کراچی پہنچے گا۔

لندن پولیس نے آج ڈاکٹر عمران فاروق کی میت ان کے اہل خانہ اور متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کو سپرد کئے جانے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ ڈاکٹر عمران فاروق کی نماز جنازہ جمعرات چار نومبر کو ویسٹ ہینڈن براڈوے کی مقامی مسجد میں ادا کی جائے گی جبکہ میت اگلے روز یعنی ہفتے کو پاکستان روانہ ہوگی ۔ ہفتے کو ہی انہیں کراچی میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

عمران فاروق کو سولہ ستمبر کو لندن میں ان کی رہائش گاہ کے قریب نامعلوم افراد نے قتل کردیا تھا ۔ اسکارٹ لینڈ یارڈ ان کے قتل کی تفتیش کررہی ہے اور ابھی تک کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکی ہے۔ ان کی میت موت کے چوالیس دن بعد ورثاء کے حوالے کی گئی۔

عمران فاروق کو کراچی میں شہداء قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ کراچی میں ان کی نماز جنازہ ہفتے کوجناح گراوٴنڈ میں ادا کی جائے گی۔