پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نو مئی کے واقعات میں پہلے سے درج پانچ مقدمات میں نامزد کر دیا گیا ہے۔
عمران خان کو فوجی ہیڈکوارٹر جی ایچ کیو اور خفیہ ادارے 'آئی ایس آئی' کے حمزہ کیمپ پر حملوں کے خلاف راولپنڈی کے دو مختلف تھانوں میں درج مقدموں میں نامزد کیا گیا ہے۔
جی ایچ کیو پر شرپسندوں کے حملے کا مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ آر اے بازار جب کہ آئی ایس آئی کے حمزہ کیمپ پر حملے کا مقدمہ تھانہ نیوٹاؤن میں درج ہے۔
جی ایچ کیو حملے کے مقدمے میں سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت سمیت 15 افراد پہلے ہی نامزد ہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5
اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کےنمائندے عاصم علی رانا کے مطابق نو مئی کے واقعات میں پہلے سے گرفتار افراد کے بیانات کی روشنی میں عمران خان کو بھی ان مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔
چیئرمین تحریکِ انصاف کو فیصل آباد میں آئی ایس آئی کے دفتر پر حملے سمیت میانوالی میں پاکستان ایئر فورس بیس پر چڑھائی اور گوجرانوالہ میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں بھی نامزد کیا گیا ہے۔
نو مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے ملک بھر میں احتجاج کیا تھا۔ پرتشدد مظاہرین نے اسی روز لاہور کے کور کمانڈر ہاؤس اور جی ایچ کیو سمیت فوج کی کئی تنصیبات اور کئی دیگر سرکاری عمارتوں میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔