بھارت کی فلم انڈسٹری ’بالی ووڈ‘ کے مشہور اداکارشمی کپور 79 سال کی عمر میں اتوار کو ممبئی کے ایک ہسپتال میں انتقا ل کرگئے۔
اُن کے گردے کافی عرصے سے ناکارہ ہوچکے تھے اور اُنھیں گزشتہ ہفتے تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل کیا گیاتھا۔
بھارتی اداکار کی موت کی خبر کا اعلان اُن کی ذاتی ویب سائٹ پریہ کہہ کر کیا گیا کہ شمی کپور اب دنیا میں نہیں رے۔
اُن کا تعلق بھارت میں فلمیں بنانے والے ایک مقبول خاندان سے تھا ۔اُنھوں نے 100سے زائد فلموں میں اپنی منفرد انداز کی اداکاری کے جوہر دیکھائے اور اُن کا شمار1950ء اور 1960ء کی دہائیوں میں مقبول اداکاروں میں ہوتا تھا۔
شمی کپور کی کامیاب فلموں میں بلف ماسٹر، پیار کیا تو ڈرنا کیا،جانور، پریم پجاری، کشمیر کی کلی، این ایوننگ اِن پیرس، چائنہ ٹاؤن اور 1961ء میں بننے والی فلم جنگلی شامل جس نے اُنھیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔
اُنھوں نے تھیٹر سے اپنی اداکاری کے کیرئیر کا آغاز کیا اور اُن کا اصلی نام شمشیر راج کپور تھا۔
آڈیو رپورٹ سنیئے، سعدیہ اسد کی آواز میں: