جی ٹونٹی کانفرنس میں مالیاتی پالیسیوں اور گورننس پر توجہ دی جائے: من موہن سنگھ

وزیر اعظم من موہن سنگھ

بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے جی ٹونٹی کے ملکوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے دنیا کو معاشی بحران سے باہر نکالنے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے ، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ یہ بحالی ابھی کمزور اور نا ہموار ہے۔

مسٹر من موہن سنگھ کا یہ بیان ، جی -20 سربراہی کانفرنس سے قبل جمعے کے روز جاری ہوا۔ یہ کانفرنس آج ٹورانٹو میں شروع ہورہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس میں عالمی راہنماؤں کا مقصد عالمی معیشت کی بحالی کے عمل کو پائیدار ،دیرپا اور متوازن بنانا ہونا چاہیے۔

انہوں نے یونان اور دوسرے یورپی ممالک میں قرضوں کے بحران کا ذکر دیتے ہوئے کہا کہ یورو زون میں نئے خدشات کی علامتیں ظاہر ہورہی ہیں۔

وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ جی -20 سربراہ کانفرنس کو اپنی توجہ مالیاتی پالیسیوں کو متوازن بنانے اور گورننس کے مسائل پر مرکوز رکھنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت کی صورت حال پر بھارت کے براہ راست تعلق میں اضافہ ہورہاہے اور اس کی اپنی معیشت نہ صرف پھل پھول رہی ہے بلکہ وہ عالمی معاشی نظام کا حصہ بھی بن رہی ہے۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ سرمایہ کاری اور ایک کھلا تجارتی نظام بھارت کی ضرورت ہے۔