نئی دہلی میں ہونےوالےکامن ویلتھ کھیلوں کےلیےجمعرات کا دِن اچھا نہیں رہا۔ اطلاعات کے مطابق آسٹریلیائی اوربرطانوی تیراکوں اور ایتھلیٹس کی بہت بڑی تعداد بیمار ہوگئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اِس کی وجہ سومنگ پول کا گندا پانی ہے۔
اِس خبر کے آنے کے بعد کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کے صدرمائیک فینل اورانتظامیہ کمیٹی کےچیرمین سریش کلماتی کو ندامت کا سامنا کرنا پڑا اور اُنھوں نے اِس بات کی جانچ شروع کر دی ہے آیا سومنگ پول کا پانی واقعی غیر معیاری ہے۔
مائیک فینل نےایک اخباری کانفرنس میں کہا کہ ہم فوری طور پر اِس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بیمار ہونے والوں نے پیٹ میں درد اور قے کی شکایت کی ہے۔
اُدھر کھیل گاؤں میں سکیورٹی کے نقطہٴ نظر سے نصب تیز دھار دار رکاوٹ سے ایک کار کا حادثہ ہوگیا جِس کے نتیجے میں یوگنڈا کے تین عہدے دار زخمی ہوگئے جِس پر وہاں کے کھیلوں کے وزیر نے بھارتی اہل کاروں سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
یوگنڈا کے کھیلوں کے وزیر اِس واقعے سے اِس قدر ناراض ہیں کہ اُنھوں نے بھارتی وزیرِ کھیل ایم ایس گِل کے ظہرانے کا بائیکاٹ کردیا۔تینوں زخمیوں کا علاج ایک مقامی اسپتال میں چل رہا ہے۔
ویلز کی ایک خاتون ایتھلیٹ نےشکایت کی ہے کہ ایک شخص نے کھیل کے دوران اُس کی تصویر اتارنے کےنام پر اُس کے ساتھ بدسلوکی کی۔پولیس نے اِس سلسلے میں ایک کیس درج کر لیا ہے اور لوگوں سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
ادھر، شوٹنگ مقابلے میں بھارت کے لیے سونے کے دو تمغے جیتنے والی انیسہ سعید کا معاملہ خبروں کی سرخیوں کی زینت بن رہا ہے۔ وہ پونے کی باشندہ ہیں اور سرِ دست اپنے شوہر کے ساتھ فریدآباد میں رہتی ہیں۔
معاملہ کچھ یوں ہے کہ محکمہٴ ریلوے نے اُن کے کھیل کو دیکھتے ہوئے اُنھیں ٹکٹ چیکرکی ملازمت دی تھی لیکن پریکٹس پر جانے کی پاداش میں اُنھیں 15مہینے سے تنخواہ نہیں دی گئی۔ انیسہ سعید نے انتہائی تنگ دستی میں اپنی پریکٹس جاری رکھی اور اب جب کہ اُنھوں نے سونے کے دو تمغے جیتے ہیں، محکمہٴ ریلوے نے اُنھیں مراعات دینے کا اعلان کیا ہے جِس بات پر انیسہ نے اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔انیسہ نے ایک ماہ قبل اپنی ملازمت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
نئی دہلی کے کامن ویلتھ کھیلوں میں پاکستان کو پہلا تمغہ اظہر حسین نے دلایا۔ اُن کا مقابلہ بھارت کے پہلوان راجندر کمار سے تھا۔
55کلوگرام کے زمرے میں راجندری کمار کو سونے کا اور اظہر کو چاندی کا تمغہ ملا۔
ادھر، پاکستان کے مکہ باز قادر خان بھارت کے اَکھل کمار سے سات-صفر سے ہار گئے۔
50میٹر شوٹنگ کے کوالی فائنگ راؤنڈ میں بھارت کی ساونت کُشی میں، سُمن کُنڈو 63کلوگرام مقابلے میں سیمی فائنل میں، 72کلوگرام کے زمرے میں اَنشو اور 50میٹر رائیفل کے فائنل میں لَجّہ کماری ہار گئیں۔ البتہ چوتھے دِن کے مقابلوں میں بھارتی ایتھلیٹس نے خوب میڈل حاصل کیے۔بھارت نے نشانے بازی میں دو گولڈ اور ایک سلوراور کُشتی میں ایک گولڈ حاصل کیا، جب کہ تیراندازی میں ایک سلور اور ایک برونز میڈل حاصل کیے اور ویٹ لفٹنگ میں ایک برونز جیتا۔اِس طرح چوتھے روز اب تک بھارت کے حصے میں آٹھ میڈل آچکے ہیں۔
آسٹریلیا 27 سونے، 16چاندی اور 13کانسی کے، یعنی کُل 56تمغےلے کر سرِ فہرست ہے۔
انگلینڈ اب بھی 32تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور بھارت 29کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ کینیڈا کو 15اور ملائیشیا اور نیوزی لینڈ کو دس دس تمغے حاصل ہوئے ہیں۔ سری لنکا کو دو اور پاکستان اور بنگلہ دیش کو ایک ایک میڈل حاصل ہوا ہے۔
آسٹریلیا 27 سونے، 16چاندی اور 13کانسی کے، یعنی کُل 56تمغےلے کر سرِ فہرست ہے