رسائی کے لنکس

کامن ویلتھ کھیل: دہلی میں غیرمعمولی حفاظتی انتظامات


کامن ویلتھ کھیل: دہلی میں غیرمعمولی حفاظتی انتظامات
کامن ویلتھ کھیل: دہلی میں غیرمعمولی حفاظتی انتظامات

نئی دہلی میں انیسویں کامن ولیتھ کھیلوں کی اُلٹی گِنتی شروع ہوچکی ہے۔ اتوار کے روز جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ہونے والی افتتاحی تقریب کا وقت جوں جوں قریب آرہا ہے کھیل شائقین کا جوش و خروش بھڑتا جارہا ہے۔

برطانیہ کے پرنس چارلس اِس تقریب میں ملکہٴ الزبیتھ کی نمائندگی کریں گے۔کھیلوں کی مشعل ‘کوئینز بیٹن’ کو ہفتے کے روز کھیل گاؤں پہنچا دیا گیا جہاں اُس کا شاندار خیرمقدم کیا گیا۔اِس سے قبل، اُسے جامعہ مسجد سمیت دہلی کے مختلف علاقوں میں گھمایا گیا۔

اِس موقعے پر دہلی میں غیرمعمولی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کمشنر کے مطابق اسڈیموں کے چاروں طرف ہزاروں پولیس جوان تعنات رہیں گے۔

اُنھوں نے بتایا کہ کھیلوں کے دوران سکیورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ انتظامات کثیر الُرخی ہیں۔این ایس جی کے کمانڈوز کے علاوہ نیم مسلح دستوں کی 195کمپنیاں بھی تعینات کی گئی ہیں۔ ہیلی کاپٹروں اور پائلٹ والی فضائی گاڑیوں سے بھی نگرانی کی جائے گی۔

اِن انتظامات کا اندازہ اِس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ نہرو اسٹیڈیم کی طرف جانے پر وزیرِ داخلہ پی چدم برم کی بھی دو بار تلاشی لی گئی۔ آسٹریلیا کے کھیلوں کے وزیر کے مطابق اُنھیں بھی سکیورٹی کے مختلف مرحلوٕں سے گزرنا پڑا ہے اور وہ بہت مشکل سے نہرو اسٹیڈیم میں داخل ہو پائے ۔ اِس کے باوجود خطرات کم نہیں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ لیون پناٹا کو دہلی آکر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینا پڑا ہے۔اُنھوں نے انٹیلی جنس بیورو اور ‘را’ کے سربراہوں سمیت متعدد اہل کاروں سے تبادلہٴ خیال کیا ہے۔

افتتاحی تقریب کے پیشِ نظر اتوار کے روز پورا شہر بند رہے گا۔ حکومت نے طبی اداروں اور ریستورانوں کو چھوڑ کر تمام قسم کی دکانیں اور بازار بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ کیا جائے گا جب کہ تمام تعلیمی اداروں کو پہلے ہی اختتامی تقریب یعنی 14اکتوبر تک بند کردیا گیا ہے۔

مرکزی وزارتِ داخلہ نے کھیل شائقین کے لیے رہنما ہدایات جاری کی ہیں تاکہ وہ پریشانیوں سے بچ سکیں ۔ تاہم، دہلی کے باشندوں کو پہلے سے ہی آمدو رفت کے تعلق سے زبردست دشواریوں کا سامنا ہے۔

انتظامیہ کمیٹی میں بدعنوانیوں اور ناقص تیاریوں کے سبب عالمی سطح پر بھارت کی کافی بدنامی ہوچکی ہے۔ اِس کے باوجود کمیٹی کے سکریٹری جنرل نے دعویٰ کیا ہے کہ دہلی کے کامن ویلتھ کھیل اب تک کے سب سے بڑے ثابت ہوں گے۔ اِن کھیلوں میں 71ملکوں کے تقریباً 7000ایتھلیٹس اور اہل کار حصہ لے رہے ہیں۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG