|
بھارت کے ایوانِ زیریں لوک سبھا کے انتخاب کے لیے تیسرے مرحلے میں گیارہ ریاستوں کی 93 نشستوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
انتخابات کے تیسرے مرحلے میں جن علاقوں میں پولنگ ہو رہی ہے وہ حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مضبوط حلقے تصور کیے جاتے ہیں۔ سال 2019 کے انتخابات کے دوران بی جے پی نے 92 نشستوں میں سے 72 پر کامیابی حاصل کی تھی جن میں گجرات کی 26 نشستیں شامل تھیں۔
البتہ اس بار اپوزیشن جماعت کانگریس کی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے جس نے کرناٹکا میں ایک مضبوط انتخابی مہم چلائی ہے جب کہ مہاراشٹرا میں بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کے درمیان دوریاں پیدا ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ لوک سبھا کے انتخابات سات مراحل میں ہوں گے جس کا پہلا مرحلہ 19 اپریل کو ہوا تھا جب کہ چار جون کو ووٹوں کی گنتی ہو گی۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی تیسری مدت کے لیے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے خواہش مند ہیں اور وہ حکمراں جماعت بھارتی جنتا پارٹی کی انتخابی مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم مودی نے منگل کی صبح احمد آباد شہر کے گاندھی نگر حلقے میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا جہاں وزیرِ داخلہ امیت شاہ بی جے پی کے امیدوار ہیں۔ وزیرِ اعظم مودی ووٹ ڈالنے کے لیے آئے تو اس موقع پر سینکڑوں کارکن اور ان کی جماعت کے ارکان موجود تھے۔
وزیرِ داخلہ امیت شاہ، وزیرِ صحت منسوکھ مندا ویا اور گجرات کے وزیرِ اعلیٰ بھوپندرا پٹیل نے بھی ووٹ کاسٹ کر دیا ہے۔
ووٹنگ ٹرن آؤٹ بڑھانے کی کوشش
انتخابات کے دو مراحل میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ کم تھا اور منگل کو ہونے والی ووٹنگ میں بھی یہی رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ البتہ ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم کی شدت کی وجہ سے بھی ووٹر گھروں سے نہیں نکل رہے اور اہم بات یہ ہے کہ ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کے لیے راغب کرنے کا بھی فقدان ہے۔
دوسری جانب ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے کے لیے الیکشن کمیشن مختلف پلیٹ فارمز کا سہارا لے رہا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے انڈین پریمیئر لیگ کے میچز کے دوران گانے چلا کر یا فیس بک الرٹ پیغامات کے ذریعے ووٹرز کو ووٹنگ کی اہمیت بتائی جا رہی ہے جب کہ ٹرین اسٹیشنز، پیٹرول پمپس اور تھیٹر میں اعلانات کے ذریعے لوگوں کو قائل کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔
SEE ALSO: راہل گاندھی اسمرتی ایرانی کے خلاف الیکشن کیوں نہیں لڑ رہے؟اسی طرح میوزک ایپ اسپاٹیفائی نے الیکشن پلے لسٹ بنائی ہے جس میں ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کا کہا جا رہا ہے جب کہ مختلف مشہور شخصیات کے ذریعے ریڈیو اور ٹی وی کمرشل کی مدد سے ووٹ کی اہمیت کے پیغامات چلوائے جا رہے ہیں۔
ملک بھر میں ہونے والے انتخابات میں لگ بھگ ایک ارب ووٹرز ووٹ دینے کے اہل ہیں۔ انتخابات کا چوتھا مرحلہ 13 مئی کو ہو گا جس میں 10 ریاستوں کی 96 نشستوں پر پولنگ ہو گی۔