کرونا وائرس: انڈین پریمیئر لیگ غیر معینہ مدت تک ملتوی

فائل فوٹو

بھارت میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث لاک ڈاؤن میں تین مئی تک توسیع کے فیصلے کے بعد رواں سال ہونے والی انڈین پریمئر لیگ غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔

خبررساں ادارے 'رائٹرز' نے آئی پی ایل کی فرنچائز کے عہدے دار کے حوالے سے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے فیصلے سے متعلق فرنچائز کو آگاہ کر دیا ہے۔

آئی پی ایل 2020، 29 مارچ سے شروع ہونا تھی۔ لیکن لاک ڈاؤن کے باعث اسے 15 اپریل تک ملتوی کردیا گیا تھا۔ لیکن اب اسے غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔

بورڈ آف کرکٹ کنٹرول ان انڈیا (بی سی سی آئی) حکام نے فرنچائزز کو فیصلے سے متعلق آگاہ کرنے سے قبل ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مشاورت کی۔

'دہلی کیپیٹل' کے چیف ایگزیکٹو دھیرج ملہوترا نے رائٹرز کو بتایا کہ آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ تاہم بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ وہ متبادل انتظامات پر غور کر رہے ہیں۔

بی سی سی آئی نے بھی جمعرات کو انڈین پریمیر لیگ کا 13 واں سیزن ملتوی کرنے کا اعلان کردیا جب کہ اس حوالے سے آئی پی ایل لیگ کی آفیشل ویب سائٹ نے بھی ایک ٹوئٹ کے ذریعے اس کی اطلاع دی ہے۔

فرنچائز عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ "ہمیں لیگ کے غیر معینہ مدت تک ملتوی کیے جانے سے متعلق مطلع کیا گیا ہے. لیکن ہمیں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔"

بھارتی بورڈ کے صدر سارو گنگولی واضح کر چکے تھے کہ دنیا بھر میں کھیل نہیں ہو رہے، لہذٰا آئی پی ایل کا انعقاد بھی مشکل ہے۔

انہوں نے ہفتے کے آخر میں ایک اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا تھا کہ موجودہ صورتِ حال میں ہم کچھ نہیں کرسکتے۔ دنیا میں کہیں بھی کھیلوں کی سرگرمیاں نہیں ہو رہیں۔ لہذا آئی پی ایل کو بھول جائیں۔

بھارت کے بعض ذرائع ابلاغ نے خبر دی تھی کہ بھارتی کرکٹ حکام اکتوبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ستمبر میں آئی پی ایل کے انعقاد پر غور کر رہے ہیں۔

آئی پی ایل ملتوی ہونے کو ماہرین کھلاڑیوں کا بڑا نقصان قرار دے رہے ہیں۔ بھارتی بورڈ اور فرنچائز مالکان کے لیے بھی یہ بڑا دھچکا ہے۔ آئی پی ایل کے لیے ہونے والی کھلاڑیوں کی بولی میں 62 کرکٹرز 18.34 ملین ڈالر کی خطیر رقم میں خریدے گئے تھے۔

فرنچائز کولکتہ نائٹ رائڈرز نے نیلامی میں آسٹریلوی فاسٹ بولر پیٹ کمنز کو 2.18 ملین ڈالر کے بھاری معاوضے کے عوض خریدا تھا۔