ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے آسٹریلیا میں موجود نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر وطن واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے سرحدوں پر موثر انتظامات کا اعلان کیا ہے۔
نیوزی لینڈ حکام نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کے بعد ملک میں داخل ہونے والوں کو خود کو 14 روز تک قرنطینہ میں رکھنا ہو گا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنی تھی۔ البتہ پہلے میچ کے بعد ہی یہ سیریز منسوخ کر دی گئی ہے۔ پہلے میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 71 رنز سے شکست دے دی تھی۔ یہ میچ بھی تماشائیوں کے بغیر کھیلا گیا تھا۔
گلے میں خراش کی شکایت کے بعد نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن کا کرونا وائرس ٹیسٹ کر کے اُنہیں الگ کر دیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر کین رچرڈسن کا بھی جمعرات کو کرونا وائرس کے شبے میں ٹیسٹ کیا گیا تھا، البتہ اُن کا یہ ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
نیوزی لینڈ میں اب تک کرونا وائرس کے چھ کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ آسٹریلیا میں بھی کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر چکی ہے۔
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث دُنیا بھر میں کھیلوں کے مقابلے اور دیگر سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
پاکستان میں کھیلی جانے والی پاکستان سپر لیگ کے غیر ملکی کھلاڑی بھی کرونا کے خدشے کے باعث لیگ سے دست بردار ہو کر اپنے ملک واپس جا رہے ہیں۔
بھارت میں شیڈول انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔