ایران نے خلیجِ عمان میں جمعرات کو دو آئل ٹینکرز پر حملوں میں ملوث ہونے کے امریکی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں سکیورٹی یقینی بنانا ایران کی ذمہ داری ہے جسے وہ پوری طرح نبھائے گا۔
ایران کے سرکاری ریڈیو نے وزارتِ خارجہ کے ترجمان عباس موسوی کا ایک بیان نشر کیا ہے جس میں ترجمان نے آئل ٹینکروں پر حملے میں ملوث ہونے کے امریکی الزام کو سختی مسترد کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران نے حملوں کا نشانہ بننے والے دونوں آئل ٹینکرز کے عملے کو کم سے کم وقت میں امداد پہنچائی اور انہیں جہازوں پر سے نکالا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ یہ بات واضح ہے کہ اس طرح کے مشتبہ اور افسوس ناک واقعات کا الزام ایران پر لگانا امریکی حکام کے لیے کتنا آسان ہے۔ لیکن ان کے بقول اس طرح کے الزامات خطرناک رجحان ہیں۔
اس سے قبل امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے خلیجِ عمان میں جمعرات کو دو آئل ٹینکرز پر ہونے والے حملوں کا ذمہ دار ایران کو ٹہرایا تھا۔
حملوں کا نشانہ بننے والے جہازوں کا تعلق ناورے اور جاپان کی شپنگ کمپنیز سے تھا جن پر ہونے والے دھماکوں کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہوسکی ہیں۔
دونوں جہازوں میں دھماکوں کے بعد ان کے عملے کو جہازوں سے ساحل پر منتقل کردیا گیا تھا جس کے بعد سے یہ جہاز ایران اور خلیجی عرب ملکوں کے درمیان کھلے سمندر میں تیر رہے ہیں۔
حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں چار ڈالر فی بیرل تک بڑھ گئی ہیں جب کہ امریکہ اور ایران کے درمیان پہلے سے جاری کشیدگی میں مزید شدت آنے کے خدشات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
خلیجِ عمان آبنائے ہرمز کے نزدیک واقع ہے جو تیل کی ترسیل کی اہم گزرگاہ ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ہونے والی خام تیل کی کل تجارت میں سے 20 فی صد آبنائے ہرمز کے راستے ہوتی ہے۔ یہ مقدار لگ بھگ 17 کروڑ 20 لاکھ بیرل روزانہ بنتی ہے۔
ایران ماضی میں بارہا دھمکی دے چکا ہے کہ اگر امریکہ نے اس کی تیل کی برآمدات پر عائد پابندیاں نہ اٹھائیں تو وہ آبنائے ہرمز بند کردے گا اور اس راستے سے تیل کی ترسیل کی اجازت نہیں دے گا۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران اس علاقے میں تیل لے جانے والے بحری جہازوں پر حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل مئی میں بھی متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کے نزدیک کھلے سمندر میں چار آئل ٹینکرز پر حملہ ہوا تھا جس کا الزام امریکہ اور سعودی عرب نے ایران پر لگایا تھا۔
ایران کی حکومت نے ان حملوں میں بھی ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔
امریکی فوج نے جمعرات کی شب ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں اس کے بقول ایرانی فوج کی کشتیوں کو جمعرات کو حملے کا نشانہ بننے والے جاپانی آئل ٹینکر سے وہ بارودی سرنگ اتارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جو نہیں پھٹی تھی۔
امریکی فوج نے اس مبینہ بارودی سرنگ کی بعض تصاویر بھی جاری کی ہیں جس میں اسے مقناطیس کے ذریعے جہاز سے چپکے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
امریکی فوج نے کہا ہے کہ یہ تصاویر ایرانی بحریہ کی کشتی میں سوار افراد کی جانب سے اس بارودی سرنگ کو جہاز سے اتارے جانے سے قبل لی گئی تھیں۔