ایران میں جنگی مشقوں کا آغاز

ایران میں جنگی مشقوں کا آغاز

ملک کے جوہری پروگرام کےبارے میں بڑھتی ہوئی تنقید کےباوجود، ایران کی فوج نے چار روزہ جنگی مشقیں شروع کردی ہیں۔

سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ یہ حربی مشقیں ہفتے کے روزسے افغانستان کی سرحد کے قریب ایک علاقے میں شروع ہوئیں۔

سرکاری پریس ٹی وی نے کہا ہے کہ مشقوں کے ابتدائی مرحلے کے دوران حملے کی صورت میں فوجی دستوں کی طرف سےحملہ روکنے اور تعیناتی کی صلاحیت کی تربیت حاصل کرنا ہے۔

ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کی خاطر، اسرائیل اورامریکہ دونوں نےفوجی طاقت کے استعمال کے امکان کو رد کرنے سے انکار کیا ہے۔ اسرائیلی عہدے دار اِس بات کی طرف اشارہ کرتے رہے ہیں کہ اگر مغربی ممالک ایران کو نیوکلیئر ہتھیار تیار کرنے سے روکنے میں ناکام رہے تو اسرائیل بہت جلد کارروائی کر سکتا ہے۔
ایران مستقل طور پر اِن الزامات کی تردید کرتا رہا ہے کہ اُس کے جوہری پروگرام کا مقصد پُر امن مقاصد کے علاوہ کچھ اور ہے۔