ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے، ’تسنیم‘ نے خبر دی ہے کہ ملک کے طاقتور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ڈرون کی مدد سے امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے کے اوپر نگرانی کی کامیاب پرواز کی ہے۔
ہفتے کو جاری ہونے والی اس رپورٹ میں بظاہر ایک محافظ ڈرون کی فٹیج کا منظر پیش کیا گیا ہے۔ یہ ڈرون خلیج فارس میں ’یو ایس ایس ڈوائٹ ڈی آئزن ہوور‘ اور ایک دوسرے امریکی بحری جنگی بیڑے کے اوپر سے گزرا۔
تصاویر میں طیارہ بردار بیڑے کی ڈیک پر کھڑے فائٹر جیٹ طیارے دیکھے جا سکتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا آیا یہ فٹیج کس وقت کی ہے۔
یہ خبر ایسے میں سامنے آئی ہے جب اس ماہ کے اوائل میں امریکی حکومت نے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دیا ہے، تاکہ ایران پر مزید دباؤ ڈالا جائے اور ملک کو مزید تنہا کیا جائے۔ ایران نے اس اقدام کا جواب تمام امریکی افواج کو دہشت گرد قرار دے کر دیا ہے۔
امریکی بحری افواج کی سینٹرل کمان کی ترجمان، لیفٹیننٹ شولے جے مورگن نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کے معاملے پر پُر عزم ہیں۔ اُنھوں نے اس بات کی کوئی وضاحت نہیں کی۔