عراقی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ سمرا کے شمالی شہرکے قریب شیعہ زائرین پر ہونے والے ایک خودکش بم حملے میں کم از کم 28افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
عہدے داروں کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے ہفتے کے دِن ایک بس کو دھماکے سے اُڑا دیا جِس میں زائرین سوار تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں مزید 28 افراد زخمی ہوگئے۔
اِس ہفتے سمرا کے قریب ہونے والا یہ دوسرا حملہ تھا جو اُس وقت کیا گیا جب شیعہ زائرین امام حسن العسکری کی شہادت کے حوالے سے منعقد ہونے والی ایک مجلس میں شرکت کےلیے جمع ہو رہے تھے۔
جمعرات کے روز ایک کار میں نصب بم پھٹنے سے کم از کم آٹھ شیعہ زائرین ہلاک ہوئے جو سمرا کی العسکری مسجد کی طرف جا رہے تھے۔ دُجیل کے قصبے میں ہونے والے اِس دھماکے میں کم سے کم 39افراد زخمی ہوئے۔
گذشتہ برسوں کے دوران جب فرقہ وارانہ تنازعہ اپنی انتہا کو تھا مجموعی طور پر عراق میں شدت پسندی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ تاہم ، مسلح افراد تقریباً روزانہ بم حملے اور فائرنگ کرتے ہیں جِن واقعات میں اکثر و بیشتر شیعہ زائرین ہدف بنتے ہیں۔