امن معاہدہ چاہتے ہیں: اسرائیلی وزیراعظم

امن معاہدہ چاہتے ہیں: اسرائیلی وزیراعظم

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامن نتن یاہو نے کہاہے کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ کسی ایسے معاہدے تک پہنچنے کے عزم سے وابستہ ہیں جس کے ذریعے اسرائیل کو تحفظ اور دوسرے اہم مفادات حاصل ہوسکیں، لیکن انہوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر پر پابندی کے اہم مسئلے پر خاموشی اختیار کی۔

اسرائیلی وزیر اعظم کا یہ بیان مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی امریکی ایلچی جارج مچل کے ساتھ ملاقات کے بعد سامنے آیا۔

دونوں شخصیات کے درمیان ملاقات قیساریہ میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ہوئی ۔ خبروں کے مطابق اس ملاقات امریکی تجویر پر بات چیت ہوئی جس میں اسرائیل سے سیکیورٹی اور دوسری ضمانتوں کے بدلے مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر پر عائد پابندی میں 60 دن کے اضافے کے لیے کہا گیا ہے۔ تاہم دونوں عہدے داروں نے ملاقات کے بعد اس منصوبے کے متعلق کوئی گفتگو نہیں کی۔

امریکی خصوصی ایلچی مچل جمعرات کے روز فلسطینی صدر محمود عباس سے علیحدہ ملاقات کریں گے۔

فلسطینی مذاکرات کار نبیل شعث نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ فلسطینی بستیوں کی تعمیرپر پابندی سے متعلق کوئی کمزور اسرائیلی تجویز قبول نہیں کریں گے۔