جاپان میں گزشتہ برس آنے والے زلزلے اور سونامی سے متاثرہ جوہری بجلی گھر کی نگرانی پہ مامور انجینئرز کا کہنا ہے کہ بجلی گھر کے ایٹمی ری ایکٹرز کی اندرونی دیواروں اور پائپوں کو کوئی خاص نقصان نہیں پہنچا ہے۔
'فوکوشیما-ڈائچی' نامی جوہری بجلی گھر کی منتظم کمپنی 'ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی' کے اہلکار سونامی سے متاثر ہونے والے بجلی گھر کے تین ری ایکٹرز کے اندر موجود جوہری ایندھن کی صورتِ حال جاننے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ نو مارچ کو آنے والے زلزلے اور سونامی کے بعدری ایکٹرز میں موجود ایندھن پگھل کر باہر موجود حفاظتی چار دیواری میں آگرا تھا جس کے بعد شمال مشرقی جاپان کے وسیع علاقے کی فضا میں تابکاری کے ذرات پائے گئے تھے۔
حادثے کے بعد بجلی گھر کے نزدیک کئی کلومیٹر کے رقبے کو آبادی سے خالی کرالیا گیا تھا۔
جمعرات کو پلانٹ کی نگرانی پہ مامور انجینئرز نے متاثرہ ری ایکٹرز کے اندر کیمرہ داخل کرکے ان کی اندرونی سطح کا جائزہ لیا اور اسے تسلی بخش قرار دے دیا۔
انجینئرز کے مطابق تجزیے سے پتا چلا ہے کہ ری ایکٹرز کا درجہ حرارت بھی معمول کے مطابق ہے۔