جاپان کے شمال مشرقی علاقوں میں جمعرات کی شب مقامی وقت کے مطابق گیارہ بج کر 32منٹ پرشدید زلزلہ آیا جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت7.4ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کے فوری بعد ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی تاہم یہ وارننگ تقریباً ڈیٹرھ گھنٹے بعد واپس لے لی گئی۔ فوری طور پر زلزلے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
زلزلے سے مقامی آ بادی برُی طرح ڈر گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی۔ زلزلے سے بجلی چلی گئی جبکہ ٹیلی فون کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ لوگوں کو رابطے میں دشواری کا سامنا ہے جبکہ بجلی فیل جانے کے سبب مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ زلزلے کے جھٹکے میاگی ، ایواتے ، فکوشیما ، اباراکی اور توچگی پریفیکچرنامی علاقوں میں محسوس کئے گئے۔
جاپان کےمحکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ یہ زلزلہ11مارچ کو آنیوالے شدید زلزلے کا آفٹرشاک تھا۔ ماہرین آفٹر شاکس کی کئی روز سے مسلسل پیش گوئی کررہے تھے۔