جوہانسبرگ ٹیسٹ کے دوسرے روز بھی پاکستانی بیٹسمین کوئی خاص کارنامہ انجام نہ دے سکے اور پوری ٹیم جنوبی افریقہ کے 262رنز کے جواب میں 185رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جبکہ کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 135رنز بنا کر مجموعی طور 212رنز کی برتری حاصل کرلی۔
دوسرے روز پاکستان نے 17رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی۔ پہلے سیشن کا پہلا گھنٹہ پاکستانی بیٹسمینوں نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے گزارا۔
اس دوران نائٹ واچ مین محمد عباس نے امام الحق کا بھرپور ساتھ دیا۔ لیکن لنچ سے قبل کا ایک گھنٹہ پروٹیز کے نام رہا۔
اولیویئر نے اپنے ایک اوور میں پہلے محمد عباس کو 11رنز پر آؤٹ کیا، ٹیسٹ کرکٹ میں یہ اُن کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ اولیویئر نے اپنے اسی اوور میں اسد شفیق کو صفر پراُس وقت آؤٹ کیا جب ڈک کرنے کی کوشش میں گیند اُن کے گلوز کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر کے پاس چلی گئی۔
کھیل کے پہلے گھنٹے میں پروٹیز نے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا۔ اس دوران نا صرف 4کیچ ڈراپ کیے بلکہ ایک آسان رن آؤٹ بھی ضائع کیا۔
پانچویں وکٹ امام الحق کی گری ، وہ 43رنز بنا کر فلینڈر کا شکار بنے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 91 رنز تھا۔
سرفراز احمد اور بابر اعظم نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 78رنز جوڑ کر مجموعی اسکور 169تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ پاکستان ایک اچھا اسکور کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔ لیکن 50رنز کی اننگز کھیل کر سرفراز آؤٹ ہوئے تو اُس کے بعد وکٹیں گرنے کی لائن لگ گئی۔
اگلے ہی اوور میں بابر اعظم 49رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ایک کے بعد ایک بیٹسمین پویلین واپس لوٹتا رہا اورپاکستان کی آخری پانچ وکٹیں اسکور میں صرف 16رنز کے اضافے پر گریں، یوں پوری ٹیم 185پر ڈھیر ہوگئی اور جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 77رنز کی برتری حاصل کرلی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے اولیوئر نے پانچ، فلینڈر نے تین اور ربادا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری اننگز میں بھی جوبی افریقہ کی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور 24کے مجموعی اسکور پر کپتان ایلگر صرف 5رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اسکور میں صرف چاررنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ مارکرم بھی 21رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، جبکہ فہیم اشرف کے ایک ہی اوور میں پہلے ڈی بروئن 7 اور اُس کے بعد زبیر حمزہ بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد ہاشم آملہ اور باووما نے جنوبی افریقہ کی گرتی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور اسکور 93رنز ہوا تو باووما 23رنز بناکر ہاشم آملہ کا ساتھ چھوڑ گئے۔
دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو ہاشم آملہ 42اور ڈی کوک34رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
فہم اشرف نے دو جبکہ محمد عامر، محمد عباس اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔