جمعے کے روز اردن کے دارالحکومت میں سیاسی اصلاحات کے لیے ہونے والا مظاہرہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے بعد پرتشدد ہوگیا۔
عینی شاہدوں کا کہناہے کہ حکومت کے حامیوں نے مظاہرین پر ڈنڈوں سے حملہ کیا اور تشدد کے ان واقعات میں کم ازکم آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔
اصلاحات کی حمایت میں سینکڑوں افراد دارالحکومت عمان کے جلوس میں شریک ہوئے۔ اردن میں مظاہرین کئی ہفتوں سے اسی طرز کے مظاہرے کررہے ہیں جس طرح کی عوامی تحریک عرب دنیا کے مختلف ملکوں میں دیکھنے میں آئی ہے۔
اردن کے باشندے آئینی اصلاحات کا مطالبہ کررہے ہیں اور شاہ عبداللہ کے اختیارات محدود کرنے کے خواہش مند ہیں۔
شاہ عبداللہ نے خوراک اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف ہزاروں لوگوں کے سڑکوں پرنکلنے کے بعد اس ماہ کے شروع میں کابینہ برخاست کردی تھی ۔