کراچی میں جمعہ کو دہشت گردی کی ایک بڑی وارت کو بر وقت ناکام بنادیا گیا جس سے شہر بڑے پیمانے پر تباہی سے بچ گیا۔ جناح اسپتال کے قریب واقع ایک رہائشی علاقے میں نامعلوم دہشت گردوں کی طرف سے امام بارگاہ کے قریب 30کلو وزنی بم رکھا گیا تھا تاہم اس بم کو بروقت ناکارہ بنادیا گیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس سندھ واجد علی درانی کے مطابق جمعہ کی صبح ایک شہری نے مشکوک پارسل نظر آنے پر فوراً متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جس پر بم ڈسپوزل اسکوارڈ نے موقع پر پہنچ کر بم ناکارہ بنادیا۔ پارسل کو پتھروں کے درمیان رکھا گیا تھا تاکہ کسی کو آسانی سے نظر نہ آسکے۔
جس جگہ سے بم برآمد ہوا ہے وہاں جمعہ کی نماز کے لئے سینکڑوں نمازی آتے ہیں ۔ نمازیوں کی تعداد کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ امام بارگاہ میں جگہ ختم ہونے پر اس کے اطراف میں نمازاداکی جاتی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بم 30 کلو وزنی تھا جو اگر پھٹ جاتا تو اس سے بہت بڑے پیمانے پر تباہی پھیلتی۔پولیس کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی نے کراچی کو ایک بڑے نقصان سے بچا لیا۔
آئی جی پی سندھ نے پولیس کو اطلاع دینے والے شہری کو ایک لاکھ روپے بطور انعام اور تعریفی خط دینے کا اعلان کیا ہے۔
جناح اسپتال کے قریب واقع ایک رہائشی علاقے میں نامعلوم دہشت گردوں کی طرف سے امام بارگاہ کے قریب 30کلو وزنی بم رکھا گیا تھا تاہم اس بم کو بروقت ناکارہ بنادیا گیا