کراچی: ڈینگی سے چھ جانیں ضائع 2000 سے زائد افراد متاثر

فائل

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، کراچی میں اب تک 6 افراد ڈینگی بخار سے جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 2424 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ دوسری جانب، کمشنر کراچی نے شہری انتظامیہ کے اداروں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ہنگامی بنیادوں پر ڈینگی سے نمٹنے کے احکامات جاری کیے ہیں

کراچی شہر میں ڈینگی کے مچھر سے پھیلنےوالا بخار رواں برس بھی اپنے اثرات دکھا رہا ہے۔ ڈینگی سے پھیلنے والے وبائی بخار رواں سال کراچی شہر میں اب تک چھ زندگیاں گُل کر چکا ہے جبکہ 2000 سے زائد افراد متاثر ہیں۔

صوبائی محکمہٴصحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، صوبے میں اب تک 2424 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، صرف ایک ہفتے میں شہر کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے 229 افراد ڈینگی میں مبتلا ہوئے۔

رواں ہفتے ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، وہیں شہری انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ اداروں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈینگی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔

سندھ ڈینگی پریوینشن کنٹرول پروگرام کے انچارج، مسعود سولنگی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ، ’ڈینگی سے محفوظ رہنے کی تدابیر اور علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی، ادارے کی ذمہ داری ہے، جب کہ شہری انتظامیہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو دیکھے۔‘

ان کے بقول، یکم ستمبر سے نومبر تک، ڈینگی بخار پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ اس سے نمٹنے کیلئے مئی کے مہینے سے فیومیگیشن اور اسپرے مہم شروع کی گئی تھی جسمیں بدقسمتی سے شہری انتظامیہ کی جانب سے فنڈ کی کمی کے باعث کام کو روک دیا گیا، جس کے باعث ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا‘۔

ان کے بقول، ڈینگی سے نمٹنے کیلئے ’سب سے پہلے ضروری ہے کہ مچھروں کی افزائش کا باعث بننےوالی جگہوں کو صاف کرایا جائے، گندگی کے ڈھیر اور نکاسی آب کی سہولیات ممکن بنائی جائیں، تاکہ ڈینگی مچھروں کی افزائش نا بڑھے‘۔

مسعود سولنگی کے مطابق، ’محکمہ صحت سندھ ڈینگی کنٹرول پروگرام کے سلسلے میں مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ سرکاری اسپتاوں میں ڈینگی کے آئسولیشن وارڈ بنا دئےگئے ہیں، جہان ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔‘

ڈینگی کنٹرول پروگرام کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق، رواں برس کراچی میں ڈینگی سے 6 اموات سامنے آئی ہیں، جبکہ 2424 ڈینگی سے متاثرہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈینگی کے خدشات، شہری انتظامیہ کے اداروں میں ایمرجنسی نافذ

کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی نے ڈینگی وائرس پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر کراچی میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کر تے ہوئے تمام متعلقہ اداروں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

ملک کے دیگر شہروں کو بھی بیماری کا خطرہ لاحق

ملک کے دیگر شہروں سے بھی ڈینگی مریضوں کی ایک بڑی تعداد سامنے آ رہی ہے۔ لاہور، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں درجنوں افراد ڈینگی بخار کی بیماری میں مبتلا ہو رہے ہیں۔