کراچی: ایف بی آئی ایجنٹ کی ضمانت پر رہائی

فائل فوٹو

کراچی کے علاقے ملیر کی سیشن عدالت نے امریکی شہری کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
پاکستان کے شہر کراچی کی ایک ذیلی عدالت نے سفری سامان سے پستول کی گولیاں برآمد ہونے کے بعد گرفتار کیے گئے امریکی شہری کی ضمانت منظور کر لی۔

ضمانت ملنے کے بعد جمعرات کی شام پولیس نے امریکی شہری کو رہا کر دیا گیا۔

اس سے قبل کراچی کے علاقے ملیر کی سیشن عدالت نے امریکی شہری کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

ملیر کے سپریٹنڈنٹ پولیس راؤ انور نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ عدالت میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد اُنھیں رہائی کے احکامات جمعرات کی شام ملے جس کے بعد امریکی شہری کو رہا کر دیا گیا۔

اگرچہ امریکی حکام نے زیر حراست شہری کا نام ظاہر نہیں کیا ہے لیکن پاکستانی پولیس نے اُن کا نام جوئیل کاکس بتایا ہے۔

امریکہ میں حکام کے مطابق کراچی کے ہوائی اڈے سے حراست میں لیے گئے شہری کا تعلق امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ’’ایف بی آئی‘‘ سے ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے جمعرات کو ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں بتایا کہ یہ امریکی شہری مختصر مدت کے ویزے پر پاکستان میں تھا۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ اس معاملے پر امریکی عہدیدار واشنگٹن میں اور اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ امریکی شہری کو سفارتی رسائی دے دی گئی تھی۔

امریکی شہری کو پانچ مئی کو کراچی کے ہوائی اڈے سے اُس وقت ائیر پورٹ سکیورٹی کے اہلکاروں نے گرفتار کیا جب وہ اسلام آباد جا رہے تھے۔ پولیس کے مطابق اُن کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول کی 15 گولیاں اور تین چھوٹے چاقو برآمد ہوئے تھے۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا جب پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بظاہر ہموار ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان انسداد دہشت گردی سمیت علاقائی صورتحال خاص طور پر افغانستان سے بین الاقوامی افواج کے انخلا کے معاملے پرقریبی تعاون جاری ہے۔