تجارت و سلامتی پر بات چیت، کیری کولمبیا میں

متوقع طور پر وہ تجارت، منشیات کی اسمگلنگ اور سلامتی سے متعلق امور پر حکام سے گفتگو کریں گے
کولمبیا کے حکام سے ملاقات کے لیے، امریکی وزیر خارجہ جان کیری بوگوٹا پہنچے ہیں۔

متوقع طور پر وہ تجارت، منشیات کی اسمگلنگ اور سلامتی سے متعلق معاملات پر حکام سے گفتگو کریں گے۔


اِسی سال کے اوائل میں وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد، کیری کا جنوبی امریکہ کا یہ پہلا دورہ ہے، جس کے آغاز کے لیے وہ اتوار کو رات گئے بوگوٹا پہنچے۔

وہ یہ دورہ ایک ایسے وقت کر رہے ہیں جب کولمبیا کی حکومت پانچ عشروں سے جاری تنازع کے خاتمے کی غرض سے، ’فارک‘ باغیوں سے امن بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔ لاطینی امریکہ میں یہ بغاوت ایک طویل عرصے سےجاری ہے۔

کولمبیا میں امریکی سفیر، مائیکل مک کِنلی نے اتوار کو کہا کہ امریکہ امن عمل اور کولمبیا میں تنازع کے حل کے بعد کے عبوری دور، دونوں کی حمایت کرتا ہے۔

اس خطے میں، کولمبیا امریکہ کا قریبی اتحادی ہے۔ تاہم، حکام نے نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سابق اہل کار کی طرف سے افشا کی گئی اُن رپورٹوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ نگرانی کے پروگرام کے تحت امریکہ علاقے بھر کے فون کالز اور انٹرنیٹ ڈیٹا اِکٹھا کرتا ہے۔

کولمبیا کے بعد منگل کو عہدے داروں سے بات چیت کے لیے کیری برازیل روانہ ہوں گے۔