امریکی ریاست مشی گن میں قتل کے مقدمے میں طوطے کو ایک اہم گواہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ریاست کے پراسیکیوٹر اب اس پہلو پر سوچ رہے ہیں کہ آیا قتل کے ایک الجھے ہوئے مقدمے میں ایک پالتو طوطے کو عدالت میں کس طرح گواہی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے جس کے سامنے یہ قتل ہوا تھا۔
مارٹن ڈوریم کو مئی 2015 میں مشی گن میں ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ شروع میں پولیس کا خیال تھا کہ یہ خودکشی کا واقعہ ہے۔
ڈوریم کی بیوی گلینا کو بھی سر میں گولی ماری گئی تھی لیکن واقعہ کے ایک گھنٹے پولیس کو احساس ہوا کہ وہ ابھی زندہ ہے، جسے اسپتال پہنچا دیا گیا۔
پچھلے ہفتے پولیس نے گلینا کے خلاف اپنے شوہر کے قتل کا مقدمہ درج کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈوریم کو پانچ گولیاں ماری گئیں۔ جب کہ اس کی بیوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسے کچھ پتا نہیں ہے کہ کیا ہوا تھا۔
شوہر کی ہلاکت کے کئی ہفتوں کے بعد بنائی گئی ایک ویڈیو میں ان کے پالتو افریقی نسل کے سرمئی طوطے کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ مجھے گولی نہ مارو۔ طوطے کا نام بڈ ہے۔
اب یہ طوطا مقتول کے رشتے داروں کے پاس ہے۔
طوطا یہ جملہ مارٹن اور گلینا دونوں کی آواز وں کی نقل کرتے ہوئے ادا کرتا ہے۔
جانوروں کے ایک ماہر کا کہنا ہے کہ طوطا عورت اور مرد دونوں کی آوازیں نکالنے میں مہارت رکھتا ہے۔
ڈوریم کے والد چارلس ڈوریم نے ایک مقامی ٹیلی وژن کو بتایا کہ میرا خیال ہے کہ یہ واقعہ طوطے کے پنجرے کے سامنے ہوا۔ اسے وہ منظر یاد ہے اور وہ میاں بیوی کے درمیان لڑائی میں کہے جانے والے جملے کی نقالی کرتا ہے۔
مشی گن پولیس کا کہنا ہے کہ گلینا نے خودکشی کے حوالے سے کئی خط لکھے تھے۔
بعد میں تفتیش کاروں کے ساتھ اپنے انٹرویو میں گلینا نے خطوں سے اپنی لاتعلقی کا دعویٰ کیا جب کہ تحرير کے ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ خط گلینا نے ہی لکھے تھے۔
مقامی پراسیکیوٹرز اس سے پہلے یہ کہہ چکے ہیں وہ عدالت میں طوطے کو گواہ کے طور پر پیش کرنے کا امکان رد نہیں کرتے۔
پالتو طوطے بڈ کے موجودہ مالک نے مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ پراسیکیوٹرز کا خیال ہے کہ گلینا کو سزا دلوانے کے لیے طوطے کی گواہی ایک مضبوط ثبوت ہے۔
تاہم مسئلہ یہ ہے کہ طوطے کی گواہی کی قانونی حیثیت کیا ہوگی۔
ٹیلی وژن چینل این بی سی میں ایک تجزیہ کار لیزز بلوم نے کہا کہ ایسا شاہد ہی کبھی ہوا ہو کہ کسی جانور کو قتل کے مقدمے میں گواہی کے لیے بلایا گیا ہو۔
گلینا اپنے شوہر کی دوسری بیوی تھی۔ جوئے اور مالی تنگی کی بنا پر دونوں کے درمیان اکثر لڑائی رہتی تھی۔
ان دنوں گلینا ڈوریم نیوایگو کاؤٴنٹی جیل میں ہے اور اسے ضمانت پر رہائی نہیں مل سکتی۔