روزا اوتان بائیوا پہلی خاتون کرغز صدر

کرغزستان کی عبوری رہنماء روزا اتان بائیوانے ہفتے کو صدر کے عہدے کاحلف اٹھالیاہے۔ سابق سوویت یونین سے الگ ہونے کے بعد وسطی ایشیائی ممالک کی تاریخ میں روزا پہلی خاتون صدر ہیں ۔

چند روز قبل کرغز عوام نے کثرت رائے سے ملک کے نئے آئین کی منظور ی دی تھی جس کے بعد ہفتے کے روز دارالحکومت بشکیک کے کانسرٹ ہال میں ایک تقریب میں روزا اُتان بائیوانے صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔

کرغز صدر کے اس عبوری عہدے کی معیاد 2011ء کے اوخرا میں ختم ہوگی اور اس دوران اُن کی ترجیح عوامی ریفرنڈ م سے منظور ہونے والے نئے آئین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور خطے کی پہلی پارلیمانی جمہوریت کی تکمیل ہوگی۔ کرغزستان میں پارلیمانی انتخابات رواں سال اکتوبر میں ہوں گے۔

اپریل میں کرغزستان میں پرتشدد مظاہروں اور سابق صدر قرمان باقیوف کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے کرغزستان کی عبوری حکومت ملک میں امن وامان کی بحالی کے لیے کوشاں ہے۔ جون کے مہینے میں کرغزاور ازبک آبادی کے درمیان ملک کے جنوبی شہروں اوش اور جلال آباد میں ہونے والے نسلی فسادات میں ایک اندازے کے مطابق دوہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔