امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس حکام کو یہ ثابت کرنے میں دشواری کا سامنا ہے کہ لیبیا میں اتحادیوں کے فضائی حملوں کی وجہ سے شہری ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔
وزیر دفاع نے امریکی نشریاتی ادارے ’سی بی ایس نیوز‘ کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق لیبیا کے رہنما معمر قذافی کی حامی فورسز اُن کے ہاتھوں مارے جانے والے افراد کی لاشیں اتحادیوں کی کارروائیوں میں نشانہ بنائے جانے والے مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔
لیبیا کے حکام نے الزام لگایا ہے کہ مغربی ملکوں کے فضائی حملوں میں شہری ہلاک ہو رہے ہیں تاہم رابرٹ گیٹس نے واضح کیا ہے کہ اتحادی فورسز شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ”انتہائی محتاط“ انداز میں اپنی کارروائیاں کر رہے ہیں۔
امریکی صدر براک اوباما نے ہفتہ کے روز کہا تھا کہ لیبیا میں امریکی کے فوجی مشن میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ امریکی عوام سے اپنے ہفتہ وار خطاب میں مسٹر اوباما نے بتایا کہ لیبیا کا فضائی دفاع کا نظام غیر موثر بنا دیا گیا ہے۔
لیبیا میں شہریوں کو معمر قذافی کی وفادار فورسز کے حملوں سے محفوظ رکھنے کی خاطر ’نو فلائی زون‘ نافذ کرنے کے لیے امریکہ اور دیگر اتحادیوں کی فضائی مہم ایک ہفتے سے جاری ہے۔ لیبیا میں آپریشنز کی ذمہ داری امریکہ سے نیٹو کو منتقل کر دی گئی ہے۔