لیبیا میں بدھ کے روز ایک ٹرک کے حادثے میں ، جس پر ایری ٹیریا اور صومالیہ کے تارکین وطن سے سوار تھے، کم ازکم 19 افراد ہلاک ہو گئے۔
عہدے دارو ں نے بتایا کہ حادثے میں 80 کے لگ بھگ افراد زخمی بھی ہوئے۔
لیبیا کے قصبے بنی ولید کے اسپتال کے منیجر محمد المبارک نے کہا ہے کہ ٹرک بنی ولید کے جنوب میں تقریباً 50 میل کے فاصلے پر سڑک سے پھسل گیا۔ اس حادثے میں کم ازکم 78 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 8 کی حالت تشویش ناک ہے۔
خبررساں ادارے روئیٹرز نے بتایا کہ حادثے کے بعد صومالیہ اور ایری ٹیریا کے 124 تارکین وطن کو اسپتال میں لایا گیا۔ اسپتال کے عہدے داروں اور کارکنوں نے بتایا کہ ہلاک و زخمی ہونے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔
جائے حادثہ پر موجود ایک امدادی کارکن نے بتایا کہ جس وقت ٹرک سڑک سے پھسلا تو اس پر تقریباً 250 لوگ سوار تھے۔ حادثے کے بعد 50 کے لگ بھگ غیر قانونی تارکین وطن موقع سے فرار ہو گئے۔
بنی ولید ، طرابلس سے 90 میل کے فاصلے پر جنوب میں واقع ہے۔ یہ قصبہ اسگلروں کے مرکز کے طور پر بدنام ہے، جو ہمسایہ ملکوں سے سٹرکوں کے ذریعے تارکین وطن کو لا کر انہیں غیر قانونی طور پر بحیرہ روم کے ساحلی علاقے سے یورپ بھیجتے ہیں۔