انسانی حقوق کی علم بردار تنظیم ’ہیومن رائٹس واچ‘ نے کہا ہے کہ لیبیا میں حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف ایک روز قبل سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 24 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
نیویارک میں قائم تنظیم کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ لیبیا کے مختلف شہروں میں مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش میں سکیورٹی فورسز نے اُن پر گولیاں چلائیں۔
ہیومن رائٹس واچ نے لیبیا کی حکومت سے مظاہرین پر تشدد کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کا استعمال تب ہی کیا جائے جب یہ ناگریر ہو۔ تنظیم نے متعدد بڑے شہروں میں فائرنگ کے واقعات کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔
لیبیا میں پرتشدد جھڑپوں کا آغاز معمر قذافی کے مخالفین کی طرف سے جمعرات کا دن ’یوم غضب‘ کے طور پر منانے کے اعلان کے بعد ہوا۔ حزب اختلاف کے رہنماؤں اور ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم تنظیموں نے مظاہروں کا سلسلہ دیگر عرب ملکوں میں حالیہ احتجاج سے متاثر ہو کر شروع کیا ہے۔
دریں اثنا لیبیا کے سرکاری ٹی وی نے دارالحکومت طرابلس میں جمعرات کو معمر قذافی کے حامی افراد کے اجتماع کے مناظر نشر کیے ہیں۔