ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت کے لیے مریم نواز کی نئی درخواست

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں فیصلہ کالعدم قرار دینے کے لیے متفرق درخواست دائر کر دی ہے۔

درخواست میں مریم نواز کا کہنا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ پاکستان کی تاریخ میں پولیٹیکل انجینئرنگ اور قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کی کلاسک مثال ہے۔ ​

اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے یہ درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے اس درخواست میں وہی استدعا کی جو مرکزی اپیل میں کی، مریم نواز اپیل میں فریش گراؤنڈز کورٹ کی اجازت سے ہی لے سکتیں ہیں۔

خیال رہے کہ 2018 میں عام انتخابات سے قبل چھ جولائی کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، اُن کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو بالترتیب 10، سات اور ایک برس قید اور بھاری جرمانوں کی سزا سنائی تھی۔

ان تمام افراد پر آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

مریم نواز کی درخواست میں کیا ہے؟

مریم نواز نے سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر ایڈوکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے چھ جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی، اس ریفرنس کا فیصلہ قانون کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا آئین میں کردار نہ تفتیش کار کا ہے نہ ہی پراسیکیوٹر کا، احتساب عدالت کے جج کے نوٹس میں یہ حقائق کیوں نہ آئے وجہ انہیں ہی معلوم ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے لئے لازم ہوتا ہے کہ وہ شفاف طور پر کارروائی کرے، عدالت نے 6 جولائی 2017 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی، شریف فیملی کیخلاف مقدمات پر اثرانداز ہونے کا ثبوت ارشد ملک کی ویڈیو بھی ہے، اثاثوں کے الزام میں تین الگ ریفرنس دائر کرنا بھی قانون کی خلاف ورزی تھی،

درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے بار سے خطاب کے حوالے سے بھی الزامات لگائے گئے ہیں کہ اس پر اثر انداذ ہونے کی کوشش کی گئی۔

۔

حکومت کا مؤقف

درخواست میں موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید پر عائد کردہ الزامات کو بھی دہرایا گیا ہے۔ ان الزامات کے حوالے سے اب تک کسی ادارے کی طرف سے کوئی وضاحتی بیان سامنے نہیں آیا۔

البتہ وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ جعلی رسیدیں کیلبری فونٹ سے فراڈ،نوسربازی سے تیار شدہ جعلی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کروانے، قطری خط پیش کرنے، حضور یہ ہیں وہ زرائع، میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں والی ساری باتیں کیا فیض صاحب نے کی تھیں؟

انہوں نے مریم نواز کو کہا کہ آپ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے جعلی رضیہ سلطانہ نہ بنیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار کا درخواست پر اعتراض

مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کالعدم کرنے کی متفرق درخواست پر اعتراض عائد کردیا گیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے مریم نواز کی درخواست پر دو اعتراضات عائد کئے ۔

رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے اس درخواست میں وہی استدعا کی جو مرکزی اپیل میں کی،مریم نواز اپیل میں فریش گراؤنڈز کورٹ کی اجازت سے ہی لے سکتیں ہیں، رجسٹرار آفس کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی متفرق درخواست پر اعتراضات سے متعلق ان کے وکلا کو آگاہ کردیا گیا ۔

مریم نواز کی متفرق درخواست کل اسپیشل بنچ کے سامنے اعتراضات کے ساتھ مقرر ہو گی جہاں خصوصی بنچ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی سماعت کریں گے ۔