امریکہ کی ریاست کینٹکی میں لیبر ڈپارٹمنٹ نے کم سن بچوں سے غیر قانونی طور پر مشقت لینے پر میکڈونلڈ ریسٹورنٹس کی تین برانچز کو جرمانہ کر دیا ہے۔
لیبر ڈیپارٹمنٹ کی تحقیقات کے مطابق میکڈونلڈز ریسٹورنٹس میں لگ بھگ 300 بچوں سے غیر قانونی طور پر مشقت لی جا رہی تھی جب کہ ان میں دو بچوں کی عمر 10 برس سے بھی کم تھی۔
لیبر ڈپارٹمنٹ کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہےکہ ریاست کینٹکی کے شہر لوئی ویل میں میکڈونلڈز میں کام کرنے والے 10 برس سے کم عمر کے بچوں سے بھی کام لیا جا رہا تھا اور انہیں انتہائی کم معاوضہ دیا جا رہا تھا جب کہ بعض اوقات انہیں معاوضے سے بھی محروم رکھا جاتا تھا۔
لیبر ڈپارٹمنٹ نے لوئی ویل میں تین میکڈونلڈز ریسٹورنٹس پر مجموعی طور پر دو لاکھ 12 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔
ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ بچوں سے ریسٹورنٹس میں کھانے کی تیاری، صارفین کو پیش کرنے اور صفائی کا کام لیا جاتا تھا جب کہ ان بچوں کی عمر سرکاری طور پر ملازمت کے لیے مقرر کردہ عمر سے کم تھی۔
کینٹکی کے لیبر ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ لوئی ویل میں تحقیقات میں سامنے آیا کہ باوور فوڈ کمپنی کے زیرِ انتظام 10 میکڈونلڈز ریسٹورنٹس میں 16 برس سے کم عمر کے بچوں سے مشقت لی جا رہی ہے جب کہ بعض اوقات یہ بچے قانونی طور پر طے شدہ وقت سے زیادہ گھنٹے کام کرتے تھے۔
لیبر ڈپارٹمنٹ کے مطابق ان بچوں میں دو بچے 10 برس سے بھی کم عمر کے تھے۔ ان بچوں سے بعض اوقات رات کے دو بجے تک کام لیا جاتا تھا اور انہیں معاوضے کی ادائیگی بھی نہیں کی جاتی تھی۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان میں ایک بچہ گرم تیل میں کھانے کی اشیا بھی تلتا تھا۔ اس کام کے لیے سرکاری طور پر 16 برس سے کم عمر کے کسی ملازم کو استعمال کرنے کی پابندی ہے۔
میکڈونلڈ کے ان فرنچائز کے مالک شون باوور کا کہنا ہے کہ لیبر ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ میں جن دو بچوں کا ذکر کیا گیا ہے وہ میکڈونلڈز میں ملازمت نہیں کرتے تھے بلکہ ان کے والدین یہاں ملازمت کرتے ہیں۔
شون باوور کے بقول، "میکڈونلڈز ریسٹورنٹس میں بچوں کی جو بھی سرگرمیاں تھیں وہ ان کے والدین کی موجودگی میں ہوئی تھیں جب کہ اس کے لیے اس فرنچائز انتظامیہ کی جانب سے کوئی احکامات نہیں دیے گئے تھے۔
SEE ALSO: میکڈونلڈز روس میں اپنا کاروبار بند کررہا ہےواضح رہے کہ امریکہ میں بچوں کے لیے کام کرنے کی وفاقی پالیسی پر انتہائی سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔ بچوں کے کام کرنے کے گھنٹوں کے لیے قواعد موجود ہیں اور اس کے لیے بچوں کی عمر کے ساتھ ساتھ ان کے کام کی نوعیت بھی متعین ہے۔
کینٹکی میں کی گئی تحقیقات لیبر ڈپارٹمنٹ کی ان کوششوں کا حصہ ہے جس کے تحت بچوں کے لیے مقرر کردہ اوقات اور معاوضے کی ادائیگی پر عمل درآمد یقینی بناناہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی صورتِ حال میں ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ ایک 10 برس سے بھی کم عمر کے بچے سے ایک ایسے کچن میں کام لیا جائے جہاں گرم تیل میں کھانا پک رہا ہو اور وہاں تیز آنچ کے آلات موجود ہوں۔
لیبر ڈپارٹمنٹ نے دیگر کمپنیوں کے زیرِ انتظام میکڈونلڈز فرنچائزز کے خلاف بھی کارروائی کی ہے جہاں 14 اور 15 برس کے بچوں سے مقررہ گھنٹوں سے زیادہ کام لیا جا رہا تھا۔
امریکہ میں میکڈونلڈز کی ترجمان ٹیفنی بوئڈ کا کہنا ہے کہ ایسی رپورٹس نا قابلِ قبول ہیں۔ میکڈونلڈز پُر عزم ہے کہ اس کی فرنچائزز کام کرنے والوں کے لیے ایک محفوظ مقام ہوں جب کہ وہاں پر مزدوروں کے لیے موجود قانون پر مکمل عمل ہو رہا ہو۔