نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں فیصلہ کن برتری کے بعد، پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی کی نمبر- ون ٹیم بننے کی جانب پیش قدمی کا سلسلہ جاری ہے۔
بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کے پاس عالمی نمبر ون بننے کا سنہری موقع ہے اور یہ اعزاز نیوزی لینڈ کے خلاف جاری سیریز میں بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان کو آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون ٹیم بننے کے لیے مزید دو کامیابیاں درکار ہیں۔ اگر نیوزی لینڈ کے خلاف بقیہ دو میچز میں بھی گرین شرٹس نے کامیابی حاصل کر لی تو وہ ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بن جائے گی۔
اس وقت ون ڈے کی عالمی رینکنگ میں آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں 113 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان ٹیم 112 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم 108 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پانچ روزہ سیریز کے بقیہ دو میچز میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کر لی تو کیویز ٹیم 111 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر چلی جائے گی اور سیریز جیتنے کے باوجود پاکستان ٹیم کی رینکنگ میں تنزلی ہو گی اور وہ 108 پوائنٹس حاصل کر کے تیسرے سے پانچویں نمبر پر چلی جائے گی۔
دوسری صورت میں اگر پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے بقیہ دو میں سے ایک ایک میچ جیتا تو دونوں ٹیمیں اپنی موجودہ پوزیشن پر برقرار رہیں گی۔
پاکستان کے پاس نیوزی لینڈ کو سیریز میں وائٹ واش کرنے کا سنہری موقع اس لیے بھی ہے کہ اسے ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کا ایڈوانٹج حاصل ہے۔
اس کے علاوہ مہمان ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی ہے۔ ٹیم میں موجود کئی کھلاڑی اپنے ابتدائی میچ کھیل رہے ہیں جس کا فائدہ میزبان ٹیم کو پہنچ سکتا ہے۔