سعودی فٹ بال کلب 'الہلال' نے ارجنٹینا کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی کو کلب میں شمولیت کی پیش کش کی ہے۔
میسی ان دنوں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔ میسی کے اس دورے پر ان کے کلب پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں حال ہی میں دو ہفتے کے لیے معطل کر دیا تھا۔
میسی کے دورۂ سعودی عرب کے بعد خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ پی ایس جی چھوڑ کر پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی طرح کسی سعودی کلب کا حصہ بن جائیں گے۔
اب خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے اپنے ذریعے سے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فٹ بال کلب 'الہلال' نے میسی کو کلب میں شمولیت کی پیش کش کی ہے لیکن کلب نے میسی کو کی جانے والی آفر سے متعلق فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا ہے۔
دوسری جانب ارجنٹینا کے ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا ہے کہ 'الہلال' کلب نے میسی کو سالانہ 40 کروڑ ڈالر معاوضے کی پیش کش کی ہے۔
واضح رہے کہ میسی کو سعودی عرب میں سیاحت کے فروغ کے لیے سفیر کا درجہ حاصل ہے جب کہ ان کے حریف سمجھے جانے والے پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے گزشتہ برس دسمبر میں سعودی کلب 'النصر' سے ایک معاہدہ کیا تھا۔
بعض رپورٹس کے مطابق رونالڈو اور 'النصر' کے درمیان سالانہ 22 کروڑ ڈالرکا معاہدہ ہوا تھا۔
میسی نے اب تک 'الہلال' کلب کی پیش کش کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے۔ البتہ فرانسیسی کلب پی ایس جی کے ساتھ ان کا معاہدہ رواں موسمِ گرما میں ختم ہو رہا ہے۔
میسی 30 اپریل کو پی ایس جی کی جانب سے میچ کھیلنے کے بعد وہ فیملی کے ہمراہ سعودیہ کے دورے پر چلے گئے تھے جس بعد کلب نے انہیں دو ہفتوں کے لیے معطل کر دیا تھا۔
پی ایس جی کے ایک ذریعے نے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ میسی بغیر اجازت سعودی عرب کے دورے پر گئے ہیں۔ تاہم انہوں نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ آیا میسی نے کلب انتظامیہ کو سیزن کے اختتام پر اپنے دورۂ سعودی عرب سے متعلق پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا۔
میسی نے گزشتہ سیزن میں پی ایس جی کو لیگ ون کا ٹائٹل جتوایا تھا، وہ اپنی ٹیم کی جانب سے کھیلے گئے 71 میچز میں 31 گول کر چکے ہیں جب کہ 34 گول کرنے میں انہوں نےمعاونت بھی کی ہے۔
(اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔)