کیا میسی بھی سعودی کلب 'الہلال' کے ساتھ معاہدہ کرنے والے ہیں؟

پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے سعودی کلب کے ساتھ تاریخی معاہدے کے بعد سعودی عرب میں ان کے استقبال کے چرچے ہیں تو وہیں یہ قیاس آرائیاں بھی عروج پر ہیں کہ میسی بھی سعودی کلب 'الہلال' کے ساتھ معاہدہ کرنے والے ہیں۔

لیکن فرانس کو ورلڈ کپ فائنل میں شکست دینے والے ورلڈ کپ ونر لیونل میسی کا بدھ کو اپنے کلب پاری سان ژرمن (پی ایس جی) پہنچنے پر شان دار استقبال کیا گیا ہے۔

نہ صرف اس استقبال میں برازیل کی ورلڈ کپ میں نمائندگی کرنے والے نیمار شامل تھے بلکہ کوچنگ اسٹاف کے افراد بھی اس گارڈ آف آنر کا حصہ تھے۔

لیونل میسی نے ورلڈکپ جیتنے کے بعد دو ہفتے کا بریک لیا تھا جب کہ نیمار انجری کی وجہ سے اپنے کلب کے گزشتہ میچ میں شریک نہ ہوسکے تھے۔ ان دونوں کی غیر موجودگی میں پی ایس جی کو ساتھی کلب آر سی لانس نے تین ایک سے شکست دی تھی۔

امکان ہےکہ سات جنوری کو نیمار کی واپسی تو شیٹورو ایف سی کے خلاف ان ہی کے گراؤنڈ میں میچ سے ہو گی جب کہ لیونل میسی 11 جنوری کو آنژے کے خلاف میچ سے کم بیک کریں گے۔


اس سیزن میں اب تک میسی نے اپنے کلب کی جانب سے سات گول اسکور کیے جب کہ 13میچوں میں 10 اسسٹس کی وجہ سے ان کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 44 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔

کہا جارہا ہے کہ اس دورے میں لیونل میسی اپنے کانٹریکٹ کے حوالے سے بھی کلب انتظامیہ سےبات کریں گے کیوں کہ ڈیل کے مطابق یہ سیزن ان کا فرینچ کلب کے ساتھ آخری سیزن ہوگا، جس کے بعد وہ فری ایجنٹ بن کر کسی بھی کلب کو جوائن کرسکتے ہیں۔



برطانوی اخبار 'دی مرر 'کے مطابق سعودی عرب کا فٹ بال کلب الہلال لیونل میسی سے ڈیل کرنے کے لیے بے تاب ہے تاکہ حریف کلب النصر کے کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ معاہدے کا توڑ لاسکے۔

انیس جنوری کو لیونل میسی کا کلب الہلال اور النصر کے کھلاڑیوں پر مبنی ٹیم کے خلاف ایک میچ بھی کھیلے گا جس میں خیال کیا جارہا ہے کہ میسی کو کلب انتظامیہ قائل کرنے کی کوشش کرے گی۔

سات مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے ارجنٹائن کے کپتان کو روکنے کے لیے فرینچ کلب کو ایک ایسی آفر دینی ہوگی جس کے بعد وہ کسی اور کلب کے بارے میں نہ سوچیں۔ لیکن اگر سعودی کلب نے انہیں رونالڈو سے بھی زیادہ رقم آفر کی تو شاید وہ پی ایس جی کو چھوڑ دیں۔



کرسٹیانو رونالڈو کی ریاض آمد کے ساتھ ہی مارکیٹ میں الہلال کلب کی دکانوں میں میسی کی نمبر دس شرٹ کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اطالوی اخبار کیلسیو مرکاٹو کے مطابق میسی نے تو الہلال کلب سے ریکارڈ ڈیل بھی سائن کرلی ہے، تاہم ابھی اس کی تصدیق ہونا باقی ہے۔

اس اخبار نے تو کویت کے سابق وزیر اطلاعات ڈاکٹر سعد الاجمعی کے خیالات کو بھی خبر کی زینت بنایا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ الہلال میسی کو آن بورڈ لانے کے لیے کافی سنجیدہ ہےاور اگر ایساہوگیا تو سعودی عرب میں فٹ بال کے کھیل کو خوب فروغ مل سکتا ہے۔



میسی نے 2021 میں پاری سان ژرمن کو دو سال کے لیے جوائن کیا تھا اور ورلڈ کپ سے قبل وہ اس کلب کے ساتھ خوش بھی تھے تاہم رونالڈو کی سعودی کلب کے ساتھ ریکارڈ ڈیل نے سب کچھ بدل دیا ہے۔

ادھر پی ایس جی کے کوچ کرسٹوف گیلٹیئے نے کہا کہ اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا، فرینچ کلب نے انہیں جون 2024 تک کلب کے ساتھ رہنے کے لیے آفر تو کی ہے۔ رونالڈو کی النصر آمد سے قبل خبر گردش کررہی تھیں کہ میسی امریکی ساکر لیگ میں انٹرمیامی کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔