14 بیٹوں کے بعد پہلی بیٹی کی پیدائش پر والدین نہال

14 بھائیوں کے بعد پیدا ہونے والی بہن

مشی گن کے ایک جوڑے کے ہاں 14 بیٹوں کے بعد ایک بیٹی پیدا ہوئی ہے جس پر وہ خوش ہیں۔ یہ جوڑا اپنے بڑے کنبے کی وجہ سے علاقے بھر میں شہرت رکھتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی نوزائیدہ بیٹی پہلے بیٹے سے 28 سال سے زیادہ چھوٹی ہے۔

کیٹری شوانٹ کے ہاں پندرہویں بچے کی پیدائش جمعرات کے روز ہوئی۔ انہوں نے اپنی بیٹی کا نام میگھی جین رکھا ہے۔ پیدائش کے وقت اس کا وزن ساڑھے سات پونڈ تھا۔

جے شوانٹ نے بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ کیٹری تقریباً ہم عمر ہیں۔ دونوں کی عمریں 45 سال کے لگ بھگ ہیں۔ اور دو دنوں میگھی کی پیدائش پر بہت خوش ہیں۔

جے نے ڈیٹرائٹ فری پریس کو بتایا کہ یہ سال ان کے لیے کئی اعتبار سے یادگار ہے۔ لیکن اس سال کی سب سے اہم بات میگھی کی پیدائش ہے۔ وہ قدرت کی طرف سے ایک ایسا تحفہ ہے جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے تھے۔

اپنے بڑے کنبے کی وجہ سے جے مقامی اور قومی خبروں کا موضوع بنتے رہتے ہیں۔ وہ '14 آؤٹ ڈورز مین ' کے نام سے ایک پروگرام بھی پیش کرتے ہیں۔ بچی کی پیدائش کے بعد اب کئی لوگوں نے ان سے کہا ہے کہ اب وہ اپنے پروگرام کا نام تبدیل کریں۔

ان کے بڑے بیٹے کا نام ٹیلر شوانٹ ہے۔ اس کی عمر 28 سال ہے۔ اس نے میڈیا کو بتایا کہ 14 بیٹوں کے بعد ان کے والدین کا خیال تھا کہ ان کے ہاں کبھی بھی بیٹی پیدا نہیں ہو گی۔ ٹیلر کا کہنا تھا کہ گلابی کپڑوں میں ملبوس ایک ننھی سی بچی ان کے خاندان کے لیے بہت بڑی خوشی ہے۔

مشی گن کا جوڑے کا اپے 14 بیٹوں اور نوززائیدہ بچی کے ساتھ گروپ فوٹو

جے لیک ویو نامی ایک گاؤں میں رہتا ہے۔ یہ بستی گرینڈ ریپڈز سے 30 میل شمال مشرق میں ہے۔

ٹیلر کا کہنا تھا کہ اس نے کبھی بھی نہیں سوچا تھا کہ اب اس کی والدہ ایک بچی کو جنم دیں گی۔ اور گلابی کپڑوں میں لپٹی ہوئی گڑیا گھر بھر کے لیے خوشیاں لے کر آئے گی۔

ٹیلر اپنے والدین کے 200 ایکٹر کے فارم سے تقریباً 20 منٹ کی مسافت پر الگ گھر میں رہتا ہے۔ وہ ان دنوں اپنی شادی کی تیاریاں کر رہا ہے۔

جے شوانٹ اور کیٹری کی شادی نوعمری میں ہو گئی تھی۔ جے نے بتایا کہ ان کی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ ہائی سکول میں پڑھ رہے تھے۔ پھر یہ ملاقاتیں محبت میں تبدیل ہو گئیں اور یونیورسٹی میں داخلہ لینے سے پہلے 1993 میں انہوں نے شادی کر لی۔

اگرچہ یہ کثیر اولاد خاندان ایک دیہات میں رہتا ہے لیکن یہ ایک اعلی تعلیم یافتہ گھرانا ہے۔ کیٹری نے سوشل ورک میں ایم اے کر رکھا ہے جب کہ جے کے پاس قانون کی ڈگری ہے اور وہ زمینوں کی دیکھ بھال کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ ان کے ہاں زمانہ طالب علمی کے دوران بھی بچے پیدا ہوتے رہے ہیں۔