|
ویب ڈیسک— بھارت میں پاکستانی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی ریلیز کو ایک مرتبہ پھر چیلنج کا سامنا ہے۔ فلم کی ریلیز سے چند روز قبل ہی بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے اسے روکنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی ہدایت کار بلال لاشاری نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ ان کی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' دو اکتوبر کو بھارت کی ریاست پنجاب میں ریلیز کی جائے گی۔
بھارتی سیاسی جماعت مہاراشٹرا نونرمن سینا (ایم این ایس) کے رہنما امے کھوپکر نے بھارتی میڈیا سے اپنی گفتگو میں کہا ہے کہ وہ بھارت میں پاکستانی فلم ریلیز ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔
یاد رہے کہ 2022 میں جب دی لیجنڈ آف مولا جٹ بھارت میں ریلیز ہونے جا رہی تھی تو اس وقت بھی امے کھوپکر نے دھمکی دی تھی کہ وہ پاکستانی فلم بھارت میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔
بعدازاں بھارت میں پاکستانی فلم کی ریلیز غیر معینہ مدت تک کے لیے روک دی گئی تھی۔
امے کھوپکر نے بھارتی نیوز ایجنسی 'اے این آئی' سے اپنی گفتگو میں کہا کہ "بھارت میں پاکستانی فلم اور اداکار کی جگہ نہیں ہے۔"
انہوں نے دیگر ریاستوں کے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ فلم ریلیز ہونے نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ "سرحدوں پر ہمارے فوجی اپنی جانیں دے رہے ہیں۔ ہمارے شہروں پر حملے ہو رہے ہیں۔ ہمیں اپنے ملک میں پاکستانی اداکاروں کی کیا ضرورت ہے؟ کیا ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی ہے؟"
ایم این ایس کے ایک اور رہنما راج ٹھاکرے نے بھی 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی ریلیز روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی نیوز چینل 'این ڈی ٹی وی' کے مطابق راج ٹھاکرے کا کہنا ہے کہ "مہاراشٹرا کو تو چھوڑ دیں، حکومت کو اس فلم کی کسی بھی ریاست میں نمائش کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔"
SEE ALSO: 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' بھارتی سنیما گھروں میں ریلیز کے لیے تیارسن 2019 میں آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے پلوامہ حملے میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد بھارت میں پاکستانی اداکاروں اور فن کاروں پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2022 میں ریلیز ہونے والی ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پاکستان کی پہلی فلم ہے جس نے دنیا بھر سے چار ارب روپے کا ریکارڈ بزنس کیا تھا۔
'دی لیجنڈ آاف مولا جٹ' سن 1979 میں ریلیز ہونے والی پنجابی زبان کی کامیاب فلم 'مولا جٹ' کا ری میک ہے جس میں سلطان راہی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
فلم میں اداکارہ ماہرہ خان، فواد خان، حمائمہ ملک اور حمزہ علی عباسی سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔