رسائی کے لنکس

'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' بھارتی سنیما گھروں میں ریلیز کے لیے تیار


  • پاکستانی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' اکتوبر 2022 میں ریلیز ہوئی تھی جس نے دنیا بھر سے لگ بھگ چار ارب روپے کا بزنس کیا تھا۔
  • ہدایت کار بلال لاشاری کے مطابق 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' دو اکتوبر کو بھارتی پنجاب کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
  • لگ بھگ ایک دہائی بعد پہلی بار کوئی پاکستانی فلم بھارت میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔
  • 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' دسمبر 2022 میں بھارت کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جانا تھی۔ البتہ ریلیز ڈیٹ سے چند روز قبل ہی اسے غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا گیا تھا۔

ویب ڈیسک _ پاکستانی بلاک بسٹر فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' بھارت کے سنیما گھروں میں ریلیز کے لیے تیار ہے۔ فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس کی تصدیق کی ہے۔

ہدایت کار بلال لاشاری کے مطابق 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' دو اکتوبر کو بھارتی پنجاب کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

البتہ اس بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں کہ فلم کن کن شہروں میں ریلیز ہو گی۔

بھارتی نیوز ایجنسی 'اے این آئی' کے مطابق بھارت میں لگ بھگ ایک دہائی بعد پہلی بار کوئی پاکستانی فلم ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' دسمبر 2022 میں بھارت کے سنیما گھروں میں ریلیز ہونا تھی لیکن ریلیز ڈیٹ سے چند روز قبل ہی اسے غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم یہ فلم پاکستان کی پہلی فلم ہے جس نے دنیا بھر سے چار ارب روپے کا ریکارڈ بزنس کیا تھا۔

یہ فلم سن 1979 میں ریلیز ہونے والی پنجابی زبان کی کامیاب فلم 'مولا جٹ' کا ری میک ہے جس میں سلطان راہی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' میں اداکارہ ماہرہ خان، فواد خان، حمائمہ ملک اور حمزہ علی عباسی سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

پاکستان اور دنیا کے کئی ملکوں کے سنیماؤں میں کامیاب بزنس کرنے والی اس فلم کو بھارت میں ریلیز سے اُس وقت روک دیا گیا تھا جب مقامی سیاسی جماعت نے دھمکی دی تھی کہ وہ پاکستانی فلم کو بھارت میں ریلیز نہیں ہونے دے گی

مہاراشٹرا نونرمن سینا (ایم این ایس) کے رہنما امے کھوپکر نے دسمبر 2022 کے آغاز میں سماجی رابطے کی سائٹ 'ایکس' پر جاری ایک بیان میں کہا تھا "بھارت میں پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ریلیز کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور سب سے اشتعال انگیز بات یہ ہے کہ اس منصوبے کی قیادت بھارتی کمپنی کر رہی ہے۔"

انہوں نے کہا تھا کہ اس فلم کو بھارت میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔

سن 2019 میں آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے پلوامہ حملے میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد بھارت میں پاکستانی اداکاروں اور فن کاروں پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔

فورم

XS
SM
MD
LG