انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی بڑا چیلنج ہے: نجم سیٹھی

فائل

چیئرمین بننے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ایک بڑا چیلنج ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب ہونے کے بعد نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

بدھ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ایک بڑا چیلنج ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ’ورلڈ الیون‘ کے دورے کی نئی تاریخوں کا اعلان ’’ایک ہفتے کے اندر ہو جائے گا‘‘۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ’'ورلڈ الیون کی پاکستان آمد کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نمائندوں سمیت وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقاتیں ہوئی ہیں، اور سیکورٹی کے معاملات واضح ہوتے ہی سب کو بتا دیا جائے گا'‘۔

نجم سیھٹی نے بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی فزیو شین ہینز کا معاہدہ منسوخ کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر کوچز کے معاہدوں میں توسیع وقت آنے پر کی جائے گی۔

اِس سے قبل، لاہور میں قائم نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے دوران، نئے پی سی بی چیرمین کا انتخاب ہوا۔

پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز میں شامل نو ممبران نے ان کے حق میں ووٹ دیا۔ نجم سیٹھی کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں تھا۔

شہریار خان کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیرمین منتخب ہوئے۔

بعد ازاں، چیرمین کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے، نجم سیٹھی نے گورننگ بورڈ کےاجلاس کی صدارت کی، جس موقع پر اُنھوں نے کہا کہ بورڈ نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر وہ شکریہ ادا کرتے ہیں۔