نیپال: ایک اور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، چار افراد ہلاک

فائل

نیپال کے زلزلہ متاثرہ پہاڑی علاقوں میں امدادی اشیا پہنچانے کے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ منگل کو پیش آنے والے اس واقع میں، تین عورتوں اور ایک مرد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں

نیپال میں امدادی سرگرمیوں کے لئے چارٹر کیا گیا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوئے۔

یہ ہیلی کاپٹر معالجوں کے ایک گروپ، ’ڈاکٹرز ودھاؤٹ بارڈر‘ نے چارٹر کرایا تھا۔

منگل کو پیش آنے والے اس سانحے میں تین عورتوں اور مردوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور پولیس انھیں کھٹمنڈو پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

نیپال کے زلزلہ متاثرہ پہاڑی علاقوں میں امدادی اشیا پہنچانے کے لئے حکومت ہی نہیں پرائیویٹ این جی اوز بھی کرائے پر لئے گئے ہیلی کاپٹر استعمال کرتی ہیں۔ کیونکہ، ان پہاڑی علاقوں میں زلزلے سے آنے والی تباہی اور سڑکیں نہ ہونے کی وجہ سے امدادی سامان کی فراہمی تقریباً ناممکن ہے۔

ہمالیائی ملکوں میں 25 اپریل کو سات اشاریہ آٹھ درجے کا زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں 8000 سے زائد لوگ ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ 20 لاکھ کے قریب لوگ ابھی کھلے آسمانوں تلے پڑے خوراک، صاف پانی اور شیلٹر کے منتظر ہیں۔

نیپال کے اس تاریخی زلزلے کے فوری بعد 12 مئی کو دوسرے زلزلے نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا؛ اور اسی دن ملک کے شمالی حصے میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ایک ہیلی کاپٹر تباہ ہوگیا تھا، جس میں چھ امریکی میرین اور دو نیپالی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔