آسکرز کے بعد انٹرٹینمنٹ کی دنیا کے دوسرے سب سے بڑے ایوارڈز سمجھے جانے والے 'گولڈن گلوب 2021' کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
بہترین ڈرامہ فلم کا گولڈن گلوب ایوارڈ 'نومیڈلینڈ' کے نام رہا جب کہ بہترین موشن پکچر 'سول' قرار پائی۔ بہترین کامیڈی فلم کی کیٹیگری کا ایوارڈ 'بوراٹ: سبسیکونٹ مووی فلم' جیتنے میں کامیاب رہی۔
برطانوی شاہی خاندان کی کہانی پر مبنی نیٹ فلکس کی سیریز 'دی کراؤن' بہترین ڈرامہ سیریز قرار پائی جب کہ غیر ملکی زبان کی بہترین فلم کا گولڈن گلوب ایوارڈ کورین فلم 'میناری' کے نام رہا۔
بہترین فلم کے لیے 'منک'، 'دی فادر'، 'نومیڈلینڈ'، 'پرومیسنگ ینگ وومن'، اور 'دی ٹرائل آف دی شکاگو سیون' کے درمیان مقابلہ تھا۔
ڈرامہ فلم 'نومیڈلینڈ' امریکہ میں مالی بحران کا شکار ہو کر بے گھر ہونے والے افراد سے متعلق ہے جس نے نہ صرف بہترین فلم کا ایوارڈ جیتا بلکہ فلم کی ڈائریکٹر کلووی ژاؤ کو بہترین ہدایت کارہ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔
ڈراما فلم کی کیٹیگری میں بہترین اداکار چیڈوک بوسمین قرار پائے۔ بوسمین کو یہ اعزاز فلم 'ما رینیز بلیک بوٹم' میں اداکاری پر بعد از مرگ دیا گیا ہے۔ وہ گزشتہ سال 28 اگست کو انتقال کر گئے تھے۔
آندرا ڈے کو 'فل یونائیٹڈ اسٹیٹ ورسز بلی ہولی ڈے' میں شان دار اداکاری پر بہترین اداکارہ قرار دیا گیا۔ اسی طرح کامیڈی فلم کی کیٹیگری میں بہترین اداکار کا ایوارڈ ساچا بیرن کوہن کے نام رہا۔
ٹیلی ویژن اداکارہ کی کیٹیگری میں 'دی کراؤن' کی اداکارہ ایما کورن ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ دی کراؤن کے تیسرے اور چوتھے سیزن میں پرنس چارلز کا کردار ادا کرنے والے جوش او کونر بہترین اداکار قرار پائے۔
بہترین اینی میٹڈ فلم کا ایوارڈ 'سول' کو ملا جو پہلی پکسر مووی ہے جس میں ایک سیاہ فام نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
ایرن سورکن نے 'دی ٹرائل آف دی شکاگو سیون' پر بہترین اسکرین پلے کا گولڈن گلوب ایوارڈ جیتا۔
ایوارڈز کی تقریب
کرونا وائرس کی وجہ سے 78 ویں گولڈن گلوب کی تقریب کا انعقاد ورچوئل یعنی آن لائن کیا گیا تھا جس میں دنیا بھر سے اداکاروں اور ہدایت کاروں نے شرکت کی۔
عام طور پر یہ تقریب امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں بیورلے ہلز پر ایک شاندار گالا ڈنر کے ساتھ منعقد ہوتی ہے تاہم اس بار عالمی وبا نے تقریب کی گہما گہما کو بھی گہنا دیا تھا۔
شو کا آغاز کامیڈین ٹینا فے اور ایمی پوہلر نے بالترتیب نیویارک اور لاس اینجلس سے کیا اور یکے بعد دیگرے کئی چٹکلے چھوڑے جن میں ہالی وڈ فارن پریس ایسوسی ایشن (ایچ ایف پی اے) کو ہدف بنایا گیا تھآ۔
واضح رہے کہ 87 رکنی 'ایچ ایف پی اے' کے ارکان گلوڈن گلوب ایوارڈز کی جیوری کی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔ اس بار بھی ایسوسی ایشن میں سیاہ فام اراکین کی کمی کا تنازع غالب رہا۔