رسائی کے لنکس

نیٹ فلکس نے ایمی نامزدگیوں میں ایچ بی او کا ریکارڈ توڑ دیا


Emmy Awards 2020
Emmy Awards 2020

نیٹ فلکس نے ٹیلی وژن کے آسکرز سمجھے جانے والے ایمی ایوارڈز کی نامزدگیوں میں ایچ بی او کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

نئی سروس ڈزنی پلس نے مختلف شعبوں میں نامزدگیاں حاصل کرکے خود کو منوایا ہے۔ تجزیہ کار اسے ویڈیو اسٹریمنگ سروسز کی جانب سے ہالی ووڈ کو لاحق خطرے کی علامت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

72ویں ایمی ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان منگل کو کیا گیا جس میں نیٹ فلکس نے مختلف شعبوں میں 160 نامزدگیاں حاصل کیں جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ سابقہ ریکارڈ ایچ بی او کا تھا جس نے اس بار 107 نامزدگیاں حاصل کی ہیں۔

گرافک ناول واچ مین پر بنائی گئی ایچ بی او کی سیریز کو 26 شعبوں میں نامزد کیا گیا ہے، جبکہ فیورٹ قرار دیے گئے امیزون پرائم کے د ماروالیس مسز میزل کو 20 نامزدگیاں ملی ہیں۔

ایمی میں ہر سال متعدد ایوارڈز جیتنے والی ایچ بی او کی سیریز گیم آف تھرونز گزشتہ سال انجام کو پہنچی تھی، جس کے بعد اس سال نئی ڈرامہ سیریز کے لیے کھلا مقابلہ ہے۔ ایچ بی او کی سیریز سکسیشن، نیٹ فلکس کی اوزارک، دا کراؤن، ہولو کی دا ہینڈمیڈز ٹیل اور ڈزنی پلس کی دا مینڈالورین دوڑ میں شامل ہیں۔

اس بار مقابلے میں ڈزنی پلس کے علاوہ ایپل ٹی وی پلس بھی شریک ہے جس کی سیریز دا مارننگ شو نے توجہ حاصل کی ہے اور اس کے کئی اداکاروں کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

بہترین اداکارہ کے شعبے میں دا کراؤن کے لیے اولیویا کولمین کو نامزد کیا گیا ہے جو ملکہ الزبتھ کا وہی کردار فلم میں ادا کرنے پر گولڈن گلوب ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں، جبکہ 2019 میں فلم فیورٹ میں ملکہ این کے کردار کو خوبی سے نبھانے پر انھیں آسکر سے نوازا گیا تھا۔

ٹیلی وژن اکیڈمی کے اعلان 21 سے 31 اگست تک رائے کا اظہار کریں گے اور ایوارڈز کا اعلان 20 ستمبر کو ایک تقریب میں کیا جائے گا۔ تقریب کے میزبان جمی کمیل ہوں گے اور اسے اے بی سی پر نشر کیا جائے گا۔

فی الحال اس بارے میں تفصیلات نہیں آئیں کہ وبا کے موسم میں یہ تقریب کیسے منعقد ہوگی۔ گزشتہ سال ایمی ایوارڈ کی تقریب کی ریٹنگز گری تھیں اور اسے 69 لاکھ لوگوں نے دیکھا تھا۔

XS
SM
MD
LG