صدر براک اوباما نے کانگریس اور ملک پر زور دیاہے کہ وہ سیاحت کے فروغ کی ان کی مہم کی حمایت کریں کیونکہ اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ہفتے کے روز اپنے ہفتہ وار خطاب میں مسٹر اوباما نے کہا کہ وہ سیاحوں کے امریکہ آنے اور یہاں اپنا سرمایہ خرچ کرنے کے عمل کو آسان بنانا چاہتے ہیں۔
صدر اوباما چاہتے ہیں کہ گاہے بگاہے امریکہ کا دورہ کرنے والے افراد کی ایئر پورٹس پرامیگریشن سیکرین کے مراحل تیزی سے طے کیے جائیں، ان ممالک کے لیے ویزوں کا اجرا جلد کیا جائے جہاں متوسط طبقے کی تعداد بڑھ رہی ہے، مثال کے طورپر چین اور برازیل وغیرہ۔ اور ان ملکوں کی تعداد بڑھائی جائے جہاں سے آنے والے ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کی طرف سے پہلے سے کلیئرنس کے میعار پر پورے اترے ہیں۔
صدر اوباما کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملکی معیشت کو بہتر بنانے کی اپنی مہم کے سلسلے میں کانگریس کی جانب سے مطلوبہ تعاون نہ ملنے کے بعد یہ قدم اٹھارہے ہیں۔
صدر نے اپنی ریڈیو تقریر میں کہا ہے کہ منگل کے روز اپنے اسٹیٹ آف یونین ایڈریس میں اپنے منصوبے کے خدوخال بیان کریں گے۔