امریکی صدر براک اوباما نے بدھ کے روز گولف کھیلا۔ اُن کے نئے اور معزز کھلاڑی، ملائیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق تھے۔
مسٹر اوباما اور مسٹر نجیب اِس وقت پیسیفک میں ہوائی کی امریکی ریاست میں تعطیلات منا رہے ہیں، جِس ریاست میں امریکی صدر نے جنم لیا تھا۔
مسٹر اوباما کے دو مشیروں کے ہمراہ، کینوئے بے میں واقع ’میرین کور‘ کے مقام پر، دونوں راہنماؤں نے کرسمس کے گولف کا راؤنڈ کھیلا۔
وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اِس موقع پر دونوں راہنماؤں نے امریکہ اور ملائیشیا کے درمیان فروغ پاتے ہوئے اور پُرتپاک تعلقات سے متعلق گفتگو کی۔ وہ آئندہ سال مسٹر نجیب کے ساتھ ملاقات کے متمنی ہیں، جب ملائیشیا جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم کی سربراہی سنبھالے گا۔
صدر اوباما اگلے سال کے اوائل میں ملائیشیا کا دورہ کرنے والے ہیں، جو کسی امریکی صدر کی طرف سے تقریباً 50 برس بعد ملائیشیا کا پہلا دورہ ہوگا۔