وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ مسٹر اوباما نے پیر کے روز ٹیلی فون پر جنوب سوڈان کے صدر سالوا کیر سے گفتگو کی۔
بتایا گیا ہے کہ مسٹر اوباما نے جنوب سوڈان اور سوڈان کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ، خصوصی طور پر اُن کی سرحدپر شدید جھڑپوں کے معالمے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے مسٹر کیر سے مطالبہ کیا کہ اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ جنوب سوڈان کی فوج کسی طور ملوث نہ ہو، نہ ہی وہ سوڈان کے ساتھ سرحد پر لڑائی کی حمایت کرے، خصوصی طور پر سوڈان کے جنوبی کوردوفان ریاست کے علاقے میں۔
سوڈان نے جنوب سوڈان پر جنوبی کوردوفان اور بلو نیل میں باغیوں کی حمایت کرنے کا الزام لگایا ہے، جِن الزامات کی جنوب سوڈان تردید کرتا ہے۔ جنوب، شمال پر اُس کے علاقے میں فضائی حملے کرنے کا الزام لگاتا ہے۔
سوڈان اور جنوب سوڈان کے وزرائے دفاع نےپیر کے روز ایتھیوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں افریقی یونین کے ثالثوں سے ملا قات کی۔