اومان کے سلطان نے اُن کونسلوں کو قانون سازی کے اختیارات تفویض کر دیے ہیں جو اِس سے قبل محض مشاورتی کردار ادا کیا کرتی تھیں۔
یہ قدم اُن مظاہروں کےبعد اٹھایا گیا ہے جِن میں لوگوں نے روزگار کے ذرائع میں اضافے اور سیاست میں بھرپور شرکت کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
اتوار کو جاری کیے گئے اِس فرمان کی رو سے منتخب المجلس الشوریٰ اور کونسل آف اسٹیٹ، جسے سلطان خود مقرر کرتا ہے، دونوں کونسلوں کو قانون و ضوابط وضع کرنے کے اختیارات دے دیے گئے ہیں۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا آیا بادشاہ کے پاس ویٹو کا اختیار باقی رہے گا۔
اِس سے قبل، سلطان قابوس بن سعید نے گذشتہ ماہ شروع ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں اپنی کابینہ کو دوبارہ تشکیل دینے کا اعلان کیا اور سول سروس میں ہزاروں نئے روزگارکے مواقع پیدا کرنےکا وعدہ کیا۔
خطے کے ملکوں یمن اور بحرین میں دیکھی جانے والی سیاسی بے چینی کے مقابلے میں اومان میں ہونے والے احتجاج کم سطح کے تھے۔